Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلو ویرا جیل کیسے چہرے کی جلد کے لیے مفید ہے؟

اصل ایلو ویرا جیل کا رنگ سبز اور ساخت بھاری ہوتی ہے (فوٹو: فری پک)
ایلو ویرا کے پتے میں موجود جیل کی ایک تہہ ہوتی ہے جو 99 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے۔
الرجل میگزین میں شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق اس ایلو ویرا جیل میں امینو ایسڈ اور وٹامن اے، سی اور آئی پائے جاتے ہیں۔
ایلو ویرا جیل بہت سی بیماریوں، بالوں اور جلد کی حفاظت اور ان کے علاج میں استعمال ہونے والے انتہائی قدرتی مادوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
جلد کی صحت اور دیگر مسائل کے حل میں ایلو ویرا جیل فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ 

کیل مہاسے ختم کرنا

 ایلوویرا جیل جراثیم کش اور انسداد سوزش کی خصوصیات کی حامل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں جلد کے لیے اہم غذائی اجزا بھی شامل ہوتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر چہرے پر لگانے سے یہ کیل مہاسوں کے علاج میں واضح طور پر مفید ثابت ہوتی ہے۔

جلی ہوئی جلد کا علاج

جلی ہوئی جلد کے علاج اور اس کی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ایلوویرا جیل میں خصوصی صلاحیت ہوتی ہے۔ اسے روزانہ کئی بار جلے ہوئے مقام پر لگانے سے زخم درست ہو جاتا ہے۔

جلد کا سوکھا پن دور کرنا

ایلو ویرا جیل عام طور پر جلد کی تمام بیماریوں کے لیے موزوں ہے لیکن یہ خاص طور پر خشک جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو نمی بخشتا ہے اور اس کا سوکھا پن دور کرتا ہے۔

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو کم کرنا

ایلو ویرا جیل وٹامن ای سے بھرپور ہوتی ہے، اس سے جلد پر ٹھنڈا اثر پڑتا ہے۔ اس لیے آنکھوں کے گرد ایلو ویرا جیل کا استعمال آنکھوں کی بیماریوں اوران کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسے روزانہ رات کو سونے سے پہلے آنکھوں کے گرد لگانا چاہیے۔

ایلو ویرا کے پتے میں موجود جیل 99 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے (فوٹو: فری پک)

 ایگزیما اور چنبل کا علاج

 ایلو ویرا جیل 99 فیصد پانی پر مشتمل ہونے کے باعث اسے عام طور جلد میں نمی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر ایگزیما اور چنبل کی صورت میں یہ متاثرہ جلد سے سوکھا پن ختم کرنے میں معاون ہوتی ہے۔

 عمر بڑھنے کی علامات میں کمی

 ایلو ویرا جیل میں ایسے مادے ہوتے ہیں جو جلد کی لچک کو برقرار رکھنے میں معاون ہوتے ہیں۔ اس کے استعمال سے چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں اور جلد توانا رہتی ہے۔

 منہ کے زخموں کا علاج

ایلوویرا جیل ان تکلیف دہ زخموں کا علاج کرتی ہے جوہونٹوں کے اطراف میں بنتے ہیں۔ اس کا دن میں دو بار استعمال زخموں کو بھرنے میں مدد دیتا ہے۔

پلکوں کے لیے ایلو ویرا جیل کے فوائد

ایلو ویرا جیل پلکوں کے بالوں کو گھنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو نرم اور چمکدار بناتی ہے، یہ ان کی لمبائی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
ایلو ویرا جیل کا ایک چھوٹا چمچ، تھوڑا سا ارنڈی کا تیل اور وٹامن ای کے دو کیپسول اچھی طرح مکس کر کے رکھ لیں، اس مرکب کو دو ہفتوں تک روزانہ سونے سے پہلے پلکوں پر لگانے سے لمبائی میں اضافہ ہوتا ہے۔

ایلو ویرا جیل کے مضر اثرات

ایلو ویرا جیل کو جلد اور اس کی بیماریوں کا علاج کرنے کے لیے ایک محفوظ قدرتی نسخہ سمجھا جاتا ہے۔  لیکن کچھ لوگوں کو اس کے استعمال سے الرجی کے مسائل یا دوسرے مضر صحت مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے کم کرنے کے لیے ایلو ویرا جیل مفید ہے (فوٹو: فری پک)

یہ ضروری ہے کہ کسی بھی ڈائیورٹیکس یا ذیابیطس کی دوائیاں لینے کی صورت میں اس کے استعمال سے پہلے کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گردوں کے مسائل، پوٹاشیم کی کمی، کمزوری، اسہال، متلی اور پیٹ میں درد کی صورت میں بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
واضح رہے کہ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور بارہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ لہسن اور پیاز سے الرجی رکھنے والوں کو بھی ایلو ویرا جیل استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ کسی بھی سرجری سے قبل بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے بچنا ضروری ہے۔

کیا ایلو ویرا جیل کھانا ممکن ہے؟

یقیناً ایلو ویرا جیل کھائی جا سکتی ہے۔ اس کے کھانے کے متعدد طریقے ہیں جیسے کہ ایلو ویرا کے پتے سے جیل نکالنا اور اسے براہ راست کھانے کے لیے تیار کرنا، جیل پینا یا اس کو دیگر اجزا میں شامل کرنا اور رس بنانا۔
ایلو ویرا جیل کو سبز ترکاری یا پھلوں کے سلاد میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

اصل اور نقلی ایلو ویرا جیل کے درمیان فرق

اصل ایلو ویرا جیل کا رنگ سبز اور ساخت بھاری ہوتی ہے جبکہ نقلی کا رنگ ہلکا سبز اور ساخت ہلکی ہوتی ہے۔
اصل ایلو ویرا جیل میں ایلکوہل یا کوئی اور کیمیکل شامل نہیں ہوتا لیکن کبھی ایواکاڈو پھل کا عرق ڈلا ہوتا ہے، جبکہ نقلی میں ارنڈی کا تیل ہوتا ہے۔

پلکوں کے بالوں کو گھنا اور لمبا کرنے میں بھی ایلو ویرا جیل مدد کرتی ہے (فوٹو: فری پک)

چہرے کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال کیسے کریں

چہرے پر ایلو ویرا کے استعمال کی بہت سی ترکیبیں اور متعدد طریقے ہیں، جن میں سے کچھ  زیادہ مؤثر سمجھے جاتے ہیں۔ 

چکنائی والی جلد سے کیل مہاسوں کا خاتمہ

چکنائی والی جلد سے کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے ہفتے میں دو بار رات کو سونے سے قبل چائے کے پودے کے تیل میں ایلو ویرا جیل ملا کر چہرے پر لگائیں۔

حساس جلد کو نرم کرنا

کیلے کے چھوٹے سے ٹکڑے میں تھوڑا سا ایلو ویرا جیل اور ایک چمچ گلاب کا پانی مکس کریں اوراس ماسک کو چہرے پر لگائیں۔ اسے اس وقت تک نہ دھوئیں جب تک سوکھ نہ ہوجائے، یہ عمل ہفتہ وار کیا جانا چاہیے۔

خشک جلد کو نرم بنائیں

خشک جلد کو نرم بنانے کے لیے کھیرے کے ٹکڑے کو پیس کر اس میں ایک چمچ سفید شہد اور ایک چمچ ایلو ویرا جیل ملا چہرے پر لگائیں۔ اچھے نتائج کے لیے مطلوبہ پندرہ منٹ کے لیے جلد پر لگائیں اور اس کے بعد پانی سے دھو لیں۔

شیئر: