Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں بڑے پیمانے پر کورونا ویکسینیشن کی مہم کا آغاز

ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوانے کے لیے وقت اور مقام کا تعین کر دیا گیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی نے  کورونا ویکسینیشن کی مہم  شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے ویکیسن  طبی عملے کو لگائی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق دسمبر2020 میں سینوفارم کی تیار کردہ ویکسین کی پہلی کھیپ  مصر کی وزارت صحت کو موصول ہوگئی تھی۔
مصر کی وزیر صحت نے گذشتہ ہفتے  کہا تھا کہ مصر  انٹرنیشنل ویکسین الائنس کے ذریعے کورونا ویکسین کی چار کروڑ  خوراکیں وصول کرے گا ۔ یہ مقدار دو کروڑ افراد کے لیے کافی ہے جو کہ مصر کی کل آبادی کا 20 فیصد ہے۔

وزیر صحت ہالہ زید ابوخلیفہ ہسپتال میں کورونا ویکسین کی تقسیم کے منصوبے کا اعلان کریں گی۔(فوٹو عرب نیوز)

وزارت صحت نے بتایا ہے یہ ویکسین 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو لگائی جائے گی جب کہ حاملہ خواتین اور بچوں کو یہ  کورونا ویکسین کی خوراک نہیں دی جائے گی۔
وزارت صحت کی جانب سے ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوانے کے لیے وقت اورمقامات کا بھی تعین کردیا گیا ہے۔
مصر کی وزیر صحت ہالہ زید اسماعیلیہ گورنریٹ کے ابو خلیفہ ہسپتال میں  پریس کانفرنس کے دوران کورونا ویکسین کی تقسیم کے منصوبے کا اعلان کریں گی۔

ویکسین لگوانے کے بعد علامات میں تھکاوٹ، جسم میں درد، خارش، تیز بخار یا متلی ہو سکتی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصر میں 36 سے زیادہ مراکز شہریوں کو ویکسین کی پہلی خوراک  دیں گے۔ ان افردا میں پہلا گروپ طبی عملہ کا ہوگا ، اس کے بعد  سینے کے امراض اور بخار میں مبتلا افراد اور اس کے بعد دائمی بیماریوں والے مریضوں اور عمر رسیدہ افراد کو کورونا ویکسین کی لگائی جائے گی۔
وزارت صحت نے واضح طور پر کہا  ہے کہ یہ ویکسین مکمل طور پر ٹیسٹ کر لی گئی ہے جو کہ بالکل محفوظ ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ اینٹی باڈیز بنانے میں ویکسین کی کامیابی 99 فیصد تک سامنے آئی ہے اور یہ مکمل طور پر موثر ہے۔
واضح رہے کہ کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو جن علامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ان میں جسم میں درد ، خارش ، تیز بخار ، سر درد ، تھکاوٹ ، متلی ، اسہال ، کھانسی ، پٹھوں میں درد ، جوڑوں کا درد  شامل ہے۔
عام طور پر ان علامات میں مبتلا مریضوں کو کسی خاص علاج کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ علامات بغیر کسی نسخے یا دوائی کےختم  بھی ہوجاتی ہیں۔
گذشتہ روز ہفتے کو مصر میں کورونا وائرس کے نئے  کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس میں 680 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جو پہلے دن سے  کم ہیں، قبل ازیں748 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔
گذشتہ روز کورونا کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 49 ریکارڈ کی گئی اس سے قبل ریکارڈ کی جانے والی اموات کی تعداد 52 تھی۔
 

شیئر: