Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحرا میں ہزاروں درخت لگانے والا سعودی نوجوان

العونی ملنے والوں سے شجر کاری میں تعاون کی خواہش کرتا ہے- (فوٹو: العربیہ)
سعودی نوجوان ’عبید العونی‘ نے ہموطنوں سے ’ماحولیات و نباتات کے دیوانے‘ اور وزارت ماحولیات و پانی و زراعت سے ’محارب التصحر‘ (صحرا کی یلغار روکنے والے جنگجو) کا لقب حاصل کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق العونی 26 برس سے ماحول دوست سرگرمیوں میں دلچسپی لے رہا ہے۔  اس کا دلچسپ مشغلہ  صحرا کی یلغار کے آگے درختوں کے جنگل کی صورت میں بند باندھنا ہے۔ اس سے جو بھی ہاتھ ملاتا ہے وہ ایک پودا اس کے حوالے کر دیتا ہے اور خواہش ظاہر کرتا ہے کہ سبزہ اگانے اور شجر کاری میں تعاون کریں۔ 

العونی صحرا کی یلغار روکنے کا کلچر عام کررہا ہے- (فوٹو: وزارت ماحولیات و پانی و زراعت)

العونی مقامی شہریوں میں صحرا کی یلغار روکنے کا کلچر عام کر رہا ہے۔ 
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر عبید العونی  کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ ’یہ پرانے درختوں کو بچانے اور السدر درختوں کو اگانے کی رضاکارانہ مہم چلائے ہوئے ہے۔ نئی نسلوں میں اسکی اہمیت اجاگر کررہا ہے۔ یہ 26 برس سے زیادہ عرصے سے اس مہم سے جڑا ہوا ہے۔ اب تک 10 ہزار درخت لگا چکا ہے۔‘ 

بہت سارے علاقے سبزہ زار ہوا کرتے تھے- (فوٹو: وزارت ماحولیات و پانی و زراعت)

العونی نے کہا کہ دراصل ہمارے یہاں صحرا کا رقبہ بہت بڑا ہے۔ ہماری دسیوں بستیاں ریت کے طوفان کی نذر ہوچکی ہیں۔ بہت سارے علاقے جہاں سبزہ زار ہوا کرتے تھے اور میں نے انہیں خود اپنی آنکھوں سے دیکھا  تھا اب وہ ریگستان میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ وہاں سبزہ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ میں جانتا ہوں کہ اگر کوئی ایک درخت ٹوٹ جاتا ہے یا مر جاتا ہےتو اس کی وجہ سے اس درخت پر گزارہ کرنے والی بہت ساری مخلوقات اپنی موت آپ مر جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے جو میں صحرا کی یلغار کے آگے بند باندھنے میں حصہ لے رہا ہوں اور ہموطنوں کو اپنا حصہ ڈالنے پر آمادہ کر رہا ہوں۔ 

کھیتی باڑی کی کئی سکیمیں شروع کرائیں- (فوٹو: وزارت ماحولیات و پانی و زراعت)

العونی نے بتایا کہ ایسے کئی مقامات جو بے آب و گیا ہوچکے تھے وہاں شجر کاری کی۔ بہت سارے پودوں کے بیج ڈالے درخت اگائے۔ کھیتی باڑی کی سکیمیں شروع کرائیں۔ وہاں پرندے لے جاکر چھوڑے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ مقامات نایاب پرندوں کا مسکن بن گئے۔ اب وہاں بڑے بڑے درخت نظر آتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے۔ 
انہوں نے کہ کہ خواب ہے کہ ہر درخت کے سامنے ایک درخت لگا ہوا ہو کیونکہ یہی زندگی ہے۔ مستقبل کا تصور سکولوں، گھروں اور جنگلات میں آباد لوگوں میں ماحولیاتی آگہی کے پرچار میں مضمر ہے۔ اب یہ تصور محفوظ صحت مند ماحول کی بنیادی ضرورت بن گیا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: