Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا آپ کو ملازمت نہیں مل رہی؟ یہ چھ نکات آزمائیں

کیا آپ ملازمت کی تلاش کرتے کرتے مایوس ہو چکے ہیں؟ کیا آپ اس عمل کو تیز کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو معلوم نہیں کہ کیا کرنا چاہیے؟ درحقیقت اس کے لیے چند اقدامات کرنا ضروری ہیں جن کی مدد سے آپ کو ملازمت تلاش کرنے میں آسانی ہوگی، اس حوالے سے الرجل میگزین میں ایک معلوماتی رپورٹ شائع ہوئی ہے جن میں ان اقدامات کی تفصیل بتائی گئی ہے۔

1: سرچ کے جدید طریقے اپنائیں

یاد رکھنے کی بات یہ بھی ہے کہ ملازمت تلاش کرنے کا عمل اب روایتی طریقوں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ انٹرنیٹ پر تلاش بہت اہمیت کی حامل ہے، اس کے لیے کچھ اقدامات بہت ضروری ہیں، جیسے کمپنیوں کی ویب سائٹس پر جانا اور ان ملازمتوں کے مواقع ڈھونڈنا۔

2: ٹولز کا استعمال

آپ ملازمت تلاش کرنے کے لیے بعض اچھے ٹولز بھی استعمال کر سکتے ہیں، جیسے ملازمت کی تلاش کے لیے مخصوص الفاظ استعمال کرنا۔ جب بھی آپ کچھ تلاش کرنے میں درست اور مطلوبہ الفاظ استعمال کریں گے تو آپ کو مطلوبہ نتیجہ ملے گا۔
یہ ضروری ہے کہ کسی جگہ سے مسترد کیے جانے کی صورت میں مایوس بالکل نہ ہوں، کیوں کہ یہ بھی ملازمت کی تلاش کے عمل کا حصہ ہے۔ منفی محسوس کرنے کے بجائے یہ جاننے کے لیے کہ آپ نے کیا غلطیاں کی ہیں اور ان کو کس طرح سے درست کیا جا سکتا ہے اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ملازمت کی تلاش کے لیے جدید طریقے استعمال کریں (فوٹو: فری پک)

3: ملازمت کے مطابق سی وی

آپ کو اپنے تجربے کے مطابق ہر ملازمت کے لیے الگ سے سی وی بنانا چاہیے، جس کی آپ درخواست دے رہے ہیں اس میں وہ مناسب تجربات شامل کریں جن کی کمپنی کو درحقیقت ضرورت ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملازمت کے اشتہار کو اچھی طرح سے پڑھا اور سمجھا جائے اسی طرح ملازمت کی ضروریات کو سمجھنا بھی بہت ضروری ہے۔

4: سی وی بھیجنے سے قبل کرنے والے کام

بہت سے معاملات میں کسی کمپنی کی جانب سے آپ کو مسترد کیے جانے کی وجہ کئی مرتبہ بہت سادہ سی غلطیاں بھی ہوتی ہیں، جن کو نظرانداز قطعاً نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کو سدھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ کئی مرتبہ سی وی میں سپیلنگ یا گرامر کی غلطیاں ہوتی ہیں جو پہلے ہی تاثر کو متاثر کر دیتی ہیں۔ اس لیے سی وی اور کور لیٹر بنا لینے کے بعد ان کو اچھی طرح سے چیک کرنا ضروری ہے۔

انٹرویو کا دعوت نامہ موصول ہونے پر کمپنی اور اس کی تمام معلومات پر تحقیق کرتے ہوئے اس کے لیے خود کو تیار کریں (فوٹو: فری پک)

5: انٹرویو کے دوران کرنے والے کام

جب آپ کو انٹرویو کا دعوت نامہ موصول ہو تو کمپنی اور اس کی تمام معلومات پر تحقیق کرتے ہوئے اس کے لیے خود کو تیار کریں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ ان معلومات کو کس طرح سے استعمال کرتے ہیں اور انٹرویو لینے والے کو کس طرح سے مطمئن کر سکتے ہیں۔ یاد رکھیے بہت زیادہ باتیں اور مبالغہ آرائی بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

پیشہ ورانہ تعلقات کا نیٹ ورک بنانے سے بھی ملازمت کے حصول میں مدد ملتی ہے (ٖفوٹو: فری پک)

6: پیشہ ورانہ تعلقات کا نیٹ ورک بنائیں

اس وقت پیشہ ورانہ نیٹ ورک ملازمت کے حصول کے لیے اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک آسان اور مفید طریقہ ہے اس سے آپ کے ملازمت ڈھونڈنے کے عمل میں تیزی آتی ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ پیشہ ورانہ تعلقات پر مشتمل ایک نیٹ ورک لازمی بنائیں، اس کے لیے زیادہ سے زیادہ پروگراموں میں شرکت کریں اور خوش اخلاقی سے دوسروں کے دلوں میں جگہ بنائیں۔

شیئر: