Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'اپنے بل پر بھی احتجاج کر سکتے ہیں لیکن بہتر ہو گا پی ڈی ایم متحد رہے‘

مريم نواز نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ تمام اپوزیشن عوام کے معاملات پر متحد رہیں۔ فوٹو مسلم لیگ
مريم نواز شريف نے کہا ہے کہ جے یو آئی ف اور مسلم لیگ ن اپنے بل بوتے پر بھی حکومت مخالف احتجاج  کر سکتی ہے اور انھیں کسی اور کی ضرورت نہیں ہے لیکن کوشش ہے اپوزیشن متحد رہے۔
اتوار کو جاتی امرا میں مریم نواز اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد مریم نواز نے پیلپز پارٹی کے پی ڈی ایم سے الگ ہونے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ایف دونوں بڑی جماعتیں ہیں اور اب بھی  اپنے بل بوتے پر بڑے جلسے اور مزاحمت کر سکتی ہیں اور کسی اور کی ضرورت نہیں ہے۔
مريم نواز نے مزید کہا کہ تاہم بہتر ہوگا کہ تمام اپوزیشن عوام کے معاملات پر متحد رہیں۔
’کوشش ہے کہ تمام جماعتیں متحد رہیں، لیکن عمران خان کا مستقبل پی ڈی ایم سے نہیں جڑا ہوا بلکہ  ان کا مستقبل اپنی کارکردگی سے جڑا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم اتنی متحد ہے کہ حکومت سے جواب مانگے گی، عوام کی بھرپور نمائندگی کرے گی اور حکومت کو پتلی گلی سے نہیں نکلنے دے گی۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر

مریم نواز نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا فیصلہ تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن سے ہوگا، جبکہ چیئرمین کے لیے يوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے غفور حیدری کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اصولی فیصلہ ہو چکا ہے، امید ہے کہ اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کے ساتھ  کھڑی رہیں گی۔
’یہ پی ڈی ایم کا متفقہ فیصلہ تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن سے ہوگا۔ اس پر پورا اتفاق رائے تھا کہ اور یہ اصولی فیصلہ ہو چکا ہے، کسی کی ہار یا جیت کے بعد اب  کوئی گنجائئش نہیں ہے۔ یہ بات نہیں ہوئی تھی کہ کوئی ہار جائے گا تو یہ فیصلہ تبدیل ہو جائے گا۔‘

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب میں پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے کارکنان اور رہنما وہاں موجود ہوں گے۔ (فوٹو: مسلم لیگ ن)

انھوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی اس اصولی بات کی حمایت کرتے ہیں اور باقی جماعتیں بھی۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس میں گنجائش نکلتی ہے تو انہیں بھی منایا جا سکتا ہے کہ یہ اصولی فیصلہ ہو چکا ہے اور اسے دوبارہ کھولنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر پر اختلافات کے سوال کے جواب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور باہمی رابطوں کے ذریعے کچھ معاملات کو حل کیا جا رہا ہے اور ہم پیپلز پارٹی سے کہیں گے وہ نو جماعتوں کے فیصلوں کا احترام کرے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب میں پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے کارکنان اور رہنما وہاں موجود ہوں گے۔

شیئر: