Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی گرفتار 

تحریک لبیک پاکستان کے مطابق جماعت کے سربراہ صاحبزادہ سعد حسین رضوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
 لاہور پولیس کے ترجمان نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سعد رضوی کو ضلعی انتظامیہ کی ہدایات ملنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے نقص امن کے خدشے کے پیش نظر سعد رضوی کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان تحریک لبیک پاکستان نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور لانگ مارچ ضرور ہو گا۔
ترجمان تحریک لبیک پاکستان کے مطابق پیر کو لاہور میں سعد رضوی ایک نماز جنازہ پڑھانے کے بعد واپس گھر آ رہے تھے کہ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔  

 

خیال رہے کہ اس سے قبل سعد رضوی نے اعلان کیا تھا کہ حکومت نے فرانسیسی سفیر کے حوالے سے ان وعدوں سے انحراف کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان فرانس سے تعلقات کا از سر نو جائزہ لے گا۔ انہوں بیس اپریل کو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال بھی دی تھی۔  
سعد رضوی کی گرفتاری کے حوالے سے ان کی جماعت کی جانب سے کچھ ویڈیوز شئیر کی جارہی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کو گاڑی سے نکال کر پولیس وین میں بٹھایا جا رہا ہے جبکہ اردو گرد پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔  
خیال رہے کہ سعد رضوی تحریک لبیک پاکستان کے سابق سربراہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے ہیں اور اس وقت ٹی ایل پی کے سربراہ ہیں۔ ان کے گرفتاری کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹی ایل پی کے کارکنان احتجاج کر رہے ہیں اورانہوں نے کئی شاہراہیں بند کر دی ہیں۔ 
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور سے موٹر وے چڑھنے والے چار راستے احتجاج کے باعث بند ہیں۔ جبکہ لاہور شہر کے اندر بھی بڑی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں ٹریفک جام ہے اور لوگوں کا دشواری کا سامنا ہے۔  
دوسری جانب لاہور کے علاوہ کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی سعد رضوی کی گرفتاری کے خلاف مظاہرے اور دھرنے شروع ہوگئے ہیں۔

شیئر: