Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک کروڑ نوکریوں والا لفافہ بھی ویسے ہی پڑا ہے‘

صارفین تحریک انصاف پر طنز کرتے ہوئے وزیراعظم کو ان کے وعدے یاد دلا رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے جمعے کے روز دورہ سندھ کے دوران وہی کچھ کیا جو ایسے دوروں کے دوران ہوتا ہے یعنی ترقیاتی پیکج کا اعلان اور اس کے ثمرات وغیرہ تاہم وہ ایک بار پھر کچھ ایسے تاروں کو چھیڑ گئے کہ جن سے پھوٹنے والے ساز اس وقت سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر نہ صرف بج رہے ہیں بلکہ صارفین ان میں اپنی اپنی پسند کے مطابق تان بھی شامل کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے خطاب کے دوران ایک جزیرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کراچی کے پاس ایک جزیرہ ویسے ہی پڑا ہوا ہے۔‘ ان کے منہ سے یہ جملہ نکلنے کی دیر تھی کہ بس سوشل میڈیا صارفین نے بھی وہ وہ جملے نکالے کہ ٹرینڈ بن گیا۔
اس ٹرینڈ میں حصہ لینے والے صارفین تحریک انصاف پر طنز کرتے ہوئے وہ وعدے یاد دلا رہے ہیں جو ان کے خیال میں نہ صرف پورے نہیں ہوئے بلکہ بھلا بھی دیے گئے ہیں۔
رانا افتخار عالم نامی صارف نے لکھا کہ ‘تحریک انصاف کی حکومت آںے کے بعد بھی، دو سو ارب ڈالر باہر بینکوں میں ویسے ہی پڑا ہے، جیسے مراد سیعد نے کہا تھا۔‘

اس ٹرینڈ میں وزیر اعظم کی جانب سے بولے گئے جملے میں سے ’ویسے ہی پڑا ہے‘  کو لے کے دلچسپ ٹوئٹس کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔
ٹوئٹر صارف وقار چوہدری نے لکھا کہ ’ایک کڑوڑ نوکریوں والا لفافہ بھی اب تک ویسے ہی پڑا ہوا ہے۔‘

یاد رہے ماضی قریب میں کئی بار وزیراعظم  اکثرجغرفیائی اور تاریخی لحاظ سے چیزوں کو غلط بیان کر چکے ہیں اور صارفین کے ٹرولز کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔
جہاں صارفین نے اس جملے کو مزاحیہ انداز میں مکمل کرتے ہوئے ٹویٹس کیں وہیں اکثر صارفین کی جانب سے اس جملے کو سنجیدہ مسائل سے بھی جوڑا گیا۔
ٹوئٹر صارف امر فیض نے لکھا کہ ’اس ملک کا قانون بھی ایسے ہی پڑا ہے اس کو بھی دفنا دیں تو زیادہ بہتر ہوگا۔‘

شیئر: