Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر داخلہ شیخ رشید سرکاری دورے پر کویت میں

کویت کے سفیر نے وزیر داخلہ کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے رخصت کیا ہے۔ ( فوٹو ٹوئٹر)
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے۔ کویت میں پاکستان کے سفیر اور دیگر حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔
قبل ازیں کویت کے سفیر نصر المطیری نے وزیر داخلہ کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے رخصت کیا ۔
وزیر داخلہ اپنے دورہ کے دوران کویت میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے جبکہ امیر کویت کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ بھی پہنچائیں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ’ پاکستانیوں کے لیے کویت کے ویزوں کے دوبارہ اجرا پر بات چیت ہوگی‘۔
 شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’ کویت میں جہاں 2010 اور 2011 سے رکے ہوئے فیملی اور بزنس ویزے کے دوبارہ اجرا پر فیصلہ ہوگا اور معاہدہ طے پائے گا۔‘
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ’ کوشش ہوگی کہ وہ پاکستانی مزدوروں کے سلسلے میں بھی کویتی حکام کے ساتھ کوئی معاہدہ طے کر سکیں‘۔
خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ کویت کے لیے 2011 سے بند ویزے اب وہ کھلنے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’کویت کے لیے ویزے 2011 سے بند تھے اور اب یہ بحال ہونے جا رہے ہیں۔ جس دن کویت نے ایئرپورٹس کھول دیے ویزے بھی کھل جائیں گے۔
اس سے قبل اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بھی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ان کی وزارت خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں
یاد رہے کہ کویت نے 2011 سے پاکستانی شہر یوں کے لئے ویزا پر پابندی لگا رکھی ہے۔

شیئر: