Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک، ملزمان فرار

وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ’ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ’جمعرات کی رات گشت پر موجود ایگل سکواڈ کے اہلکاروں نے آئی جے پی روڈ پر دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ان کے نہ رکنے پر اہلکاروں نے ان کا پیچھا کیا۔‘

 

اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پیچھا کرنے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل بشیر شاہ اور ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق شاہ گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات پر انہیں سخت تشویش ہے۔‘
انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ’ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘

شیئر: