Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پسنی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملہ، افسر سمیت دو ہلاک، تین زخمی

کیپٹن افان مسعود کا تعلق پی ایم اے 135 لانگ کورس سے تھا (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے میں ایک افسر سمیت دو فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بدھ کی رات دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہلاک ہونے والوں میں ایک کیپٹن بھی شامل ہیں۔‘
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گردوں نے پسنی کے قریب خدا بخش بازار میں سکیورٹی فورسز کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک افسر کیپٹن افان مسعود اور سپاہی بابر زمان جاں بحق ہو گئے۔‘
پسنی پولیس کے مطابق ’بم حملہ بدھ کی رات کو گوادر کی تحصیل پسنی سے تقریباً 50 کلومیٹر دور باز واجہ میں محلہ خدا بخش کے قریب ہوا جس کا نشانہ پاکستانی فوج کی 63 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی گاڑی تھی۔ گاڑی میں سوار اہلکار معمول کا گشت کررہے تھے۔‘

 

پسنی پولیس کے ڈی ایس پی طارق مری نے بتایا کہ ’گاڑی کو سڑک کنارے نصب کیے گئے دیسی ساختہ آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔‘
’دھماکے کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار کیپٹن افان مسعود خان، ڈرائیور لانس نائیک بابر زمان، لانس نائیک ساجد، نائیک طاہر اور سپاہی وقار شدید زخمی ہوگئے۔‘
زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوادر منتقل کیا جارہا تھا تاہم راستے میں ہی کیپٹن افان مسعود اور لانس نائیک بابر زمان دم توڑ گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو جی ڈی اے ہسپتال پہنچادیا گیا۔ 
کیپٹن افان مسعود کا تعلق پی ایم اے 135 لانگ کورس سے تھا۔ 
خیال رہے کہ بلوچستان میں گذشتہ دو ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز پر حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔صوبے میں سرگرم مذہبی اور علیحدگی پسند کالعدم مسلح تنظیموں کی جانب سے کوئٹہ، ژوب، بولان، تربت اور گوادر میں فورسز پر حملوں میں 30 سے زائد اہلکار اہلکار ہوچکے ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی اور آپریشنز میں متعدد عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔   

شیئر: