Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں سیلاب سے 40 افراد ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری

گذشتہ برس بھی افغانستان میں سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان میں سیلاب کی وجہ سے 40 افراد ہلاک جبکہ 150 لاپتا ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو حکام نے کہا ہے کہ صوبہ نورستان کے ضلع کامدیش میں موسلادھار بارشوں کے بعد لاپتا افراد کو ڈھونڈنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ یہ ضلع کابل کے شمال مشرق میں 200 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔
نورستان کے صوبائی کونسل کے سربراہ سعید اللہ نورستانی کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ رات سیلاب کی وجہ سے 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’150 افراد تاحال لاپتا ہیں اور 80 کے قریب مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔‘
تاہم دوسری جانب نورستان کے گورنر کے ترجمان سعید مومند نے ہلاکتوں کی تعداد قدرے زیادہ بتائی ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 60 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہر سال افغانستان میں متعدد افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ بارشوں کے دوران زیادہ تر دیہی علاقوں میں بنے مکانات گرنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
گذشتہ سال صوبہ پروان میں سیلاب کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔
رواں برس سیلاب ایسے وقت میں آیا ہے جب افغانستان میں لڑائی میں شدت آئی ہے اور طالبان نے ملک کے کئی علاقوں میں حملے شروع کر رکھے ہیں۔
اس کے علاوہ افغانستان کورونا وبا کی تیسری لہر سے بھی نبرد آزما ہے اور ملک کے کئی حصوں کو خشک سالی کا بھی سامنا ہے۔

شیئر: