Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کی بدلتی صورت حال پر امریکہ کا پاکستان کے ساتھ رابطہ

شاہ محمود قریشی نے ’امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المدتی اور پائیدار تعلقات استوار کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا (فائل فوٹو: بلوم برگ)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ اینٹونی جے بلنکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ 
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کی رات جاری کیے گئے بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اینٹونی جے بلنکن نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔‘
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مختصر عرصے میں صورت حال میں نمایاں تبدیلی اور تشدد سے بچنے کے حوالے سے امریکی ہم منصب کو پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں کہا کہ ’افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔‘
وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے کوششوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں امریکہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔‘
انہوں نے امریکہ کی جانب سے افغانستان کی معاشی معاونت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے اسے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو افغانستان سے سفارتی مشنز، بین الاقوامی تنظیموں، میڈیا اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المدتی اور پائیدار تعلقات استوار کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جن کی بنیاد امن، گہرے معاشی تعاون اور علاقائی روابط پر استوار ہے۔‘
پاکستانی اور امریکی وزرائے خارجہ نے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: