Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صارفین تاریخ پیدائش کے اندراج کے بغیر انسٹاگرام استعمال نہیں کر سکیں گے

انسٹاگرام نے کہا ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارم کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ انسٹاگرام نے کہا ہے کہ اس پلیٹ فارم کو محفوظ بنانے کے لیے اب تاریخ پیدائش کی ضرورت ہوگی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انسٹاگرام نے کہا ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارم کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔
 انسٹاگرام نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ وہ معلومات کا استعمال اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کرے گی کہ صحیح گروپ کے افراد کو صحیح تجربات فراہم کیے جائیں۔
گذشتہ مہینے انسٹاگرام نے کہا تھا کہ 16 سال سے کم عمر صارفین جب اس پلیٹ فارم پر آئیں گے تو وہ ان کے اکاؤنٹس کو خودکار طریقے سے پرائیویٹ کر دے گا۔
انسٹاگرام نے کہا ہے کہ جب صارفین انسٹاگرام کھولیں گے تو ان سے ان کی تاریخ پیدائش کے بارے میں پوچھا جائے گا اور اگر کوئی صارف اپنی تاریخ پیدائش نہیں دیتا تو اس کو نوٹیفیکیشز بھیجے جائیں گے۔
انسٹاگرام کے مطابق ایپلی کیشن کا استعمال جاری رکھنے کے لیے صارفین سے تاریخ پیدائش دینے کے بارے میں بھی کہا جائے گا۔
یہ تبدیلیاں انسٹاگرام کے ان صارفین کو متاثر کریں گی جنہوں نے پہلے ایپلی کیشن میں اپنی تاریخ پیدائش کا اندراج نہیں کیا۔
انسٹاگرام نے مزید کہا کہ وہ اس سے آگاہ ہے کہ کچھ صارفین غلط تاریخ پیدائش کا اندراج کر سکتے ہیں لیکن اس مسئلے کے حل کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

شیئر: