Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم وطنی پر تقریبات میں وزارت صحت کی ایس او پیز کیا ہیں؟

اپنے اطراف موجود لوگوں کو وائرس سے بچانے کا اہتمام کریں- (فوٹو وزارت صحت ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت نے کووڈ 19 وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے یوم وطنی کے موقع پر  کورونا ایس او پیز کا اعلان کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’یوم وطنی پر خود کو ہی نہیں اپنے اطراف موجود لوگوں کو بھی وائرس سے بچانے کا اہتمام کریں اور کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جائے‘۔ 
وزارت صحت نے یوم وطنی 91 کی تقریبات کے حوالے سے کورونا ایس او پیز جاری کی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ یوم وطنی کے کسی بھی پروگرام میں غیر ویکسین یافتگان کو داخل نہ ہونے دیا جائے۔ ویکسین کا ریکارڈ توکلنا ایپ کے ذریعے معلوم کیا جائے۔
کسی بھی اہلکار یا ملاقاتی کو تقریب گاہ میں توکلنا ایپ دیکھے بغیر داخل نہ ہونے دیا جائے۔
کھلے مقامات پر منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں شائقین کا تناسب مقررہ جگہ کی گنجائش سے 40 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔ 
بند تفریحی مقامات کی گنجائش کا تعین دو افراد کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میٹر کے  فاصلے کو بنیاد بنا کر کیا جائے۔ 
تقریب گاہ کے دروازوں اور تقریب گاہوں پر مناسب تعداد میں منتظم تعینات کیے جائیں۔ ان کی ذمہ داری ہو کہ شائقین کو آتے جاتے وقت سماجی فاصلے کا پابند بنائیں اور اژدحام سے بچنے کے لیے کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کرائیں۔ 
تھیٹر جیسے کسی بھی پروگرام میں شائقین کی کرسیوں کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ ضرور رکھا جائے۔ دو شائقین کے درمیان ایک نشست خالی چھوڑی جائے۔ 
شائقین کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے فرش اور کھڑے ہونے کی جگہوں پر نشانات چسپاں کیے جائیں۔ کم از کم ڈیڑھ میٹر کا فیصلہ ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔ 
ایک خاندان کے افراد ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں البتہ ایک خاندان کے  افراد اور دیگر کے درمیان سماجی فاصلہ ضرور رکھا جائے۔ 
دروازوں اور ٹوائلٹس میں سینیٹائزر کا بندوبست کیا جائے۔ سینیٹائزر ایسی جگہوں پر رکھے جائیں جو سب کو آسانی سے نظر آسکیں اور ان تک سب کی رسائی ہو۔ 
اگر مہمان ٹیبل کے اطراف بیٹھے ہوں تو ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل کے درمیان کم از کم تین میٹر کا فاصلہ رکھا جائے۔ 
تمام افراد کو صحیح طریقے سے ماسک پہننے کا پابند بنایا جائے۔ کسی کو بھی ماسک کے بغیر داخل نہ ہونے دیا جائے۔ 
ٹکٹ الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے فراہم کیے جائیں۔ 
تقریب گاہ آنے کا وقت متعین کیا جائے اور آتے جاتے وقت شائقین کی نقل و حرکت کو منظم کیا جائے۔
آنے اور جانے والے دروازے مختلف ہوں۔ 
اہلکاروں اور شائقین کے درمیان پارٹیشن کا اہتمام کیا جائے۔
شائقین کے ساتھ نجی رابطہ کم سے کم ہو۔ سب ماسک پہنیں اور دستانوں کا استعمال کریں- ہر وقت سماجی فاصلہ قائم رکھیں- ٹکٹ چیک کرنے یا فروخت کرنے یا کھانے پینے کی اشیا بیچنے کے وقت بھی دستانے کا استعمال کیا جائے۔
لفٹیں مقررہ گنجائش سے کم استعمال ہوں۔ لفٹوں میں سماجی فاصلے کے لیے نشانات بنائے جائیں۔
ایک میز پر پانچ سے زیادہ ا فراد نہ بیٹھیں خواہ ایک فیملی کے ہوں یا سب کے سب دوست ہی کیوں نہ ہوں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: