Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی وجہ سے سی پیک منصوبوں میں مسئلے آئے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے سی پیک منصوبوں میں کچھ مسئلے آئے تاہم اب امید ہے کہ ان منصوبوں کی رفتار تیز ہو گی۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں مٹیاری تا لاہور 600 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’کورونا وائرس کے باعث سپلائی لائن، ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل پیدا ہوئے جن سے سی پیک پر بھی فرق پڑا۔‘ 
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’جیسے جیسے ویکسین لگ رہی ہے اور کورونا کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے تو سی پیک منصوبوں کی رفتار میں بھی تیزی آئے گی۔‘
عمران خان نے کہا کہ لائن لاسز کے باعث ملک میں بجلی ہونے کے باجود لوڈ شیڈنگ ہوتی رہی کیونکہ گزشتہ حکومتوں نے ٹرانسمیشن لائنوں پر سرمایہ کاری نہیں کی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن لائنز پرانی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے منصوبے سے بجلی کی بچت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائے تاکہ پیسہ زیادہ مقدار میں دستیاب ہو۔ ملک میں پیسہ آئے گا تو قرض دینے کے قابل ہوسکیں گے، مہنگائی میں کمی آئے گی۔‘
وزیراعظم نے ملک میں مہنگائی کا بھی اعتراف کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’کورونا کی وجہ سے یہ عارضی مہنگائی کی لہر ہے جو مستقبل میں کم ہو جائے گی۔‘
دوسری جانب مسلم لیگ کے رہنما احسن اقبال سے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ’بدقسمتی یہ ہے کہ عمران خان سی پیک کے  خلاف دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔‘

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کےاکثر منصوبے پاک فوج کے اداروں نے تعمیر کیے، وزیراعظم بتائیں کہ  کس منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)

انہوں نے کہا کہ ’یہ شخص(عمران خان) نفسیاتی مریض ہے۔ عمران خان ان سب منصوبوں کو متنازع بنا رہے ہیں جن سے پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔‘
احسن اقبال نے کہا کہ ’جو منصوبے چین نے لگائے ان کی تکمیل ڈبلیو ایچ او  اور این ایچ اے نے کی۔ ہمارے منصوبوں پر کرپشن کے الزام لگانا دراصل قومی اداروں اور دوست ملک چین کو بدنام کرنا ہے۔ جن منصوبوں پر چین فخر کرتا ہے، آپ ان پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما کے بقول ’سی پیک کے تحت بننے والے اکثر منصوبے پاک فوج کے اداروں نے تعمیر کیے، وزیراعظم بتائیں کہ ان میں سے کس منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے۔ ایف ڈبلیو او نے مشکل ترین علاقوں میں سڑکیں بنائیں اور بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر کے دوران 40 جوانوں نے قربانیاں دیں۔‘
احسن اقبال نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم صاحب بتائیے کہ پاک فوج کے ادارے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی نے ان منصوبوں میں زیادہ بولی دے کر کتنی کرپش کی ہے۔ ن لیگ کے دور میں سی پیک کے تحت سڑکیں بنائی گئیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر چین کے توانائی کے منصوبے نہ لگتے تو آج پاکستان میں دس دس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی۔ آپ نے معیشت نہیں چلتی تو اس میں دشمنوں کا کیا قصور ہے۔‘

شیئر: