Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 4 سکیورٹی اہلکار ہلاک

ڈی پی او کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کا آغاز کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنڑول بم دھماکے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کے شام 6 بج کر 15 منٹ پر ضلع باجوڑ کے تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گاڑی دھماکے کا نشانہ بنی۔
پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اس سے قبل ہونے والے ایک اور بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے جارہے تھے کہ اچانک گاڑی کے قریب ریموٹ کنڑول بم دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے نتیجے چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے جن میں دو پولیس اور دو ایف سی اہلکار شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں پولیس ڈرائیور صمد خان، پولیس کانسٹیبل نور رحمان، ایف سی اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیاہے اور واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔
اطلاع ملتی ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صمد خان ہسپتال پہنچ گئے اور واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کا آغاز کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک اور بم دھماکے میں سویلین گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دوا فراد زخمی ہوگئے تھے جن میں گل محمد اور محمد نور ڈرائیور شامل ہیں۔

کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر فائرنگ

دوسری جانب افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار محمد قیصر شہید ہوگیاہے۔‘
آئی اپس پی آر کے مطابق ’دہشت گردوں کی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔‘

شیئر: