Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چمن تھانے میں پولیس اہلکار نے معمولی تلخ کلامی پر شہری کو قتل کردیا

ایس پی کے مطابق ’پولیس اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے قانونی و محکمانہ انضباطی کاررائی شروع کردی گئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے شہر چمن میں تھانے میں شکایت درج کرانے کے لیے جانے والے شہری کو پولیس اہلکار نے گولی مار کر قتل کردیا۔ 
لواحقین کے مطابق مقتول اللہ داد پانچ بچوں کا باپ تھا اور محکمہ صحت میں ملازم تھا۔ 
مقتول کے چچازاد بھائی عبدالقدوس نے اردو نیوز کو بتایا کہ اللہ داد کے بھتیجے ایمل خان سے ڈاکوؤں نے گھر کے قریب موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی اور ناکامی پر فائرنگ کی تاہم وہ محفوظ رہے۔
اللہ داد، بھتیجے کے ہمراہ اس واقعے کا مقدمہ درج کرانے چمن کے مال روڈ پر واقع سٹی پولیس تھانے پہنچے تو داخلی دروازے پر پولیس اہلکار نے انہیں اندر نہیں جانے دیا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ 
عبدالقدوس کے مطابق اس دوران تھانے کے باہر گاڑی میں بیٹھا ایک اور پولیس اہلکار ظہور احمد آیا اور چچا اور بھتیجے پر فائر کھول دیا۔
فائرنگ سے ایک گولی اللہ داد کو سینے میں لگی اور وہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے معمولی تلخ کلامی پر پانچ بچوں کو یتیم کردیا، اس واقعے پر پورا خاندان صدمے سے دوچار ہے۔ اللہ داد تو اپنی جائز قانونی شکایت درج کرانے گیا تھا مگر پولیس اہلکار نے چوروں کو پکڑنے یا کوئی قانونی کارروائی کرنے کے بجائے شکایت کنندہ کو ہی قتل کردیا۔ 
ایس پی چمن محمد علی کاسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ پولیس اہلکار نے اشتعال انگیزی سے کام لیا اور نہتے شہری کو قتل کیا جس پر اسے معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے قانونی و محکمانہ انضباطی کاررائی شروع کردی گئی ہے۔ 

شیئر:

متعلقہ خبریں