Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی نئی قسم اومی کرون ویریئنٹ سے کیسے بچا جائے؟

اکثر جگہوں پر انفیکشن اور اموات کی بڑی وجہ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ ہے۔ (فائل ٖفوٹو: اے ایف پی)
اس وقت ساری دنیا کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون سے خوفزدہ ہے جبکہ کئی ممالک نے نئے سفری ضابطے لاگو کر دیے ہیں۔ اس وقت اکثر لوگ ایک ہی سوال پوچھتے ہیں کہ کورونا کے نئے اومی کرون ویریئنٹ سے بچاؤ کیسے ممکن ہوگا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ جس طرح سے آپ کورونا کے کسی دوسرے ویریئنٹ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہیں، اومی کرون کے خلاف بھی انہی طریقوں یعنی فیس ماسک کے استعمال اور ہجوم سے بچنے کا اہتمام کرنا ہو گا۔
اگر آپ نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ہے فوراً ویکسین لگوائیں۔ اگر آپ ویکسین کا بوسٹر شاٹ لینے کے اہل ہیں تو اس میں دیر نہ کریں۔
گو کہ اس وقت سب لوگ اومی کرون کی طرف متوجہ ہیں لیکن اکثر جگہوں پر انفیکشن اور اموات کی بڑی وجہ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ ہے۔
یو ایس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرانسس کولنز نے اے پی کو بتایا کہ ’ڈیلٹا اس وقت اصل خطرہ ہے جبکہ اومی کرون ایک غیر یقینی خطرہ ہے۔
’کورونا وائرس کے ویریئنٹس سے قطع نظر ہمیں جاننا ہے کہ کرنا کیا ہے۔‘
اس نئے ویریئنٹ کے بارے میں اہم پہلوؤں کو جاننے میں چند ہفتے لگیں گے کہ آیا یہ زیادہ متعدی ہے، زیادہ شدید بیماری کا سبب بنتا ہے یا قوت مدافعت سے زیادہ طاقتور ہے اور اگر ایسا ہے تو کتنا؟
دوسری جانب امریکہ کی متعدی امراض کی سوسائٹی کی ڈاکٹر جولی ویشمپایان کہتی ہیں کہ ’ہمیں (کورونا سے) تحفظ کے مزید طریقوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ خاص طور پر چھٹیوں کے دوران سفر اور اجتماعات کے لیے اہم ہے۔‘

اس نئے ویریئنٹ کے بارے میں اہم پہلوؤں کو جاننے میں چند ہفتے لگیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایک بوسٹر شاٹ لینا انہی طریقوں میں سے ایک ہے۔ ویکیسن کی یہ اضافی خوراک وائرس سے لڑنے والے اینٹی باڈیز کو متحرک کرتی ہے۔
ماسک لگانے، ہجوم سے بچنے اور وینٹیلیشن کو بہتر بنانے کے علاوہ ٹیسٹنگ ایک اور اہم حفاظتی قدم ہے۔ یہ ایسے شخص کے لیے تجویز کیا جاتا ہے جس میں کورونا کی علامات ہوں یا ممکنہ طور پر وہ وائرس کا شکار ہو۔ اس سے اجتماعات سے پہلے حفاظت کو یقینی بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

شیئر: