Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے پی ایس حملہ: حکومت کی جواب جمع کرانے کے لیے تین ہفتے کی مہلت

عدالت کا دیا گیا وقت 10 دسمبر کو پورا ہو رہا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان کی وفاقی حکومت نے سانحہ آرمی پبلک سکول کیس پر سپریم کورٹ سے جواب جمع کرانے کے لیے تین ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے۔
جمعرات کو درخواست میں وفاقی حکومت نے لکھا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی 16 دسمبر کو برسی ہے اور وزیراعظم نے شہداء کے والدین سے ملاقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔
’مناسب ہوگا والدین اور کمیٹی کی ملاقات کا نتیجہ سامنے آنے دیا جائے۔‘
وفاقی حکومت نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ’مہلت دی جائے تاکہ عدالت کو جامع عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔‘
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب چار ہفتے میں طلب کیا گیا تھا۔ عدالت کا دیا گیا وقت 10 دسمبر کو پورا ہو رہا ہے۔
 10 نومبر کو سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ حکومت آرمی پبلک سکول کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے جبکہ وزیراعظم نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سماعت کے بعد آرمی پبلک سکول از خود نوٹس کیس چار ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

شیئر: