Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بچوں کے بجائے کتے بلیاں پالنا ثقافتی زوال کی نشانی‘

پوپ فرانسس نے کہا کہ ’ہم ماں اور باپ ہونے کے اہمیت کو کھو رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پوپ فرانسس نے اپنے ایک بیان سے ان لوگوں کی ناراضی مول لی ہے جن کے بچے نہیں ہیں اور وہ جانور پالنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پوپ فرانسس نے بدھ کو ویٹی کن میں پیرنٹنگ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پالتو جانوروں کو بچوں کے متبادل کے طور پر ظاہر کرنا ’ایک طرح کی خودغرضی‘ ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بعض اوقات پالتو جانور بچوں کی جگہ لے لیتے ہیں۔‘
’آج ۔۔۔ ہم خود غرضی کی ایک شکل دیکھ رہے ہیں کہ کچھ لوگ بچے پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ بعض اوقات ان کا ایک بچہ ہوتا ہے اور بس۔ لیکن ان کے پاس کتے اور بلیاں ہوتے ہیں جو بچوں کی جگہ لے لیتے ہیں۔‘
’(میری) اس بات پر شاید لوگ ہنسیں لیکن یہ ایک حقیقت ہے۔‘
پوپ فرانسس نے مزید کہا کہ ’یہ طرزعمل ماں اور باپ بننے سے انکار کے مترادف ہے اور یہ ہماری انسانیت کو ختم کر رہا ہے۔‘
’انسانیت کے بغیر تہذیب بوسیدہ ہوجاتی ہے کیونکہ ہم ماں اور باپ ہونے کی اہمیت کو کھو رہے ہیں۔ اور اس کا نتیجہ ملک بھگت رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ پوپ فرانسس کی 2014 میں پالتو کتوں اور ایک میمنے کے ساتھ تصاویر سامنے آئی تھیں۔ میمنا ان کے کندھوں پر سوار تھا۔ انہوں نے ایک ٹائیگر اور چھوٹا پینتھر بھی پالا۔
پوپ فرانسس کے پیش رو پوپ بینڈیکٹ بلیوں کو پسند کرتے تھے لیکن فرانسس کے بارے میں ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ انہوں نے ویٹی کن میں اپنی رہائش گاہ پر پالتو جانور رکھے ہیں۔

سنہ 2014 میں پوپ فرانسس کی پالتو کتوں اور ایک میمنے کے ساتھ تصاویر سامنے آئی تھیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

پوپ فرانسس نے 2014 میں بھی کہا تھا کہ ’بچوں کے بجائے پالتو جانور پالنا ثقافتی زوال پر مبنی ایک اور رجحان ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پالتو جانوروں کے ساتھ جذباتی تعلق والدین اور بچوں کے درمیان ’پیچیدہ‘ ربط سے زیادہ ’آسان‘ ہے۔
 پوپ فرانسس نے ان جوڑوں سے جو قدرتی طور پر بے اولاد ہیں، گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ بچہ پیدا کرنا ہمیشہ ایک خطرہ ہے لیکن والدین بننے سے انکار کی صورت میں بچے نہ ہونا زیادہ خطرے کی بات ہے۔‘

پوپ فرانسس نے جدید معاشرے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس میں خاندان کی نسبت کریئر اور پیسہ بنانے کی ترجیح دی جاتی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ برس کے شروع میں پوپ فرانسس نے جدید معاشرے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس میں خاندان کی نسبت کریئر اور پیسہ بنانے کی ترجیح دی جاتی ہے اور اس طرز عمل کو انہوں نے معاشرے کے لیے ’گینگرین‘ قرار دیا تھا۔

شیئر: