Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے 4220 نئے مریض، '5 ماہ کے دوران سب سے بڑی تعداد'

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 29 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کے 4200 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ گذشتہ برس اگست کے بعد ایک دن میں مریضوں کی سب سب سے بڑی تعداد ہے۔
اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر پھیل رہی ہے اور وبا کی تیزی سے پھیلے والی قسم اومی کرون اس پھیلاؤ کی بنیادی وجہ ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے معاملات پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سنیچر کو بتایا کہ مریضوں کی یہ تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آئی ہے۔
'گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وبا سے ملک میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مثبت کیسز کی شرح جو کہ ایک فیصد سے بھی کم تھی اب صرف دو ہفتوں کے دوران 8 اعشاریہ 16 فیصد ہوگئی ہے۔'
این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی اومی کرون قسم وبا کی دیگر اقسام کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے۔
اس سے قبل گذشتہ برس 4200 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے تھے، 25 اگست 2021 کو پاکستان میں 4467 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی تھی۔
کورونا وائرس کی اومی کرون قسم کا گذشتہ برس نومبر میں سب سے پہلے جنوبی افریقہ اور ہانگ کانگ میں انکشاف ہوا، پاکستان میں اومی کرون کی پہلی مریض کی تشخیص گذشتہ دسمبر میں ہوئی، اہم بات یہ ہے کہ خاتون مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ این سی او سی نے رواں ماہ کے آغاز میں خبردار کیا تھا کہ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے، لہٰذا ماسک پہن کر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 13 لاکھ 20 ہزار سے زائد مریضوں کی تشخیص ہو چکی ہے جن میں سے 12 لاکھ 63 ہزار صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 29 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر 17 جنوری کو این سی او سی کے اجلاس میں اہم فیصؒے متوقع ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 7 کروڑ 66 لاکھ 50 ہزار افراد کی مکمل ویکسینیشن ہوچکی ہے جبکہ 10 کروڑ 14 لاکھ 57 ہزار افراد کو ویکسین کی صرف ایک خوراک لگائی گئی ہے۔
صوبائی وزرائے صحت اور وزرائے تعلیم کا اجلاس 17 جنوری کو طلب 
این سی او سی نے ملک میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔
سنیچر کو این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت کا اجلاس 17 جنوری کو بلایا جائے گا۔
اجلاس میں کورونا وائرس کی صورت حال کا جائزہ لے کر سکولوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ شادی کی تقریبات، انڈور اور آؤٹ ڈور کھانے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کے حوالے سے اہم فیصلے بھی اجلاس میں متوقع ہیں۔

شیئر: