Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم اور شاہین آفریدی سال کے بہترین ون ڈے کرکٹر قرار

بابر اعظم نے اعزاز ملنے پر پرستاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو ’ون ڈے کرکٹر آف دا ایئر‘ قرار دیا ہے۔
سوموار کو آئی سی سی کی جانب سے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سال 2021 میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر پاکستانی بیٹسمین اور کپتان کو ’ون ڈے کرکٹر آف دا ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے لیے سال 2021 میں ہر فارمیٹ کی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو آئی سی سی کی طرف سے ’کرکٹر آف دا ایئر‘ کا اعزاز دیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے پچھلے سال 36 انٹرنیشنل میچ کھیل کر 78 وکٹیں حاصل کیں۔
اس اعزاز پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی فااسٹ بولر کا کہنا تھا کہ حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف ان کی بولنگ وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
بابر اعظم نے سال 2021 میں صرف چھ ایک روزہ میچ کھیلے اور انہوں نے دو سینچریوں کی مدد سے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے یہ اعزاز ملنے پر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابی پاکستان کی ٹیم کے باقی اراکین کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2021 میں ان کی بہترین اننگز انگلینڈ کے خلاف تھی جس میں انہوں نے 158 رنز بنائے تھے۔
’میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہر ملک میں رنز بناؤں اور میزبان ٹیم کے خلاف بناؤں۔‘
اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹی 20 ٹیم آف دا ایئر اور ون ڈے ٹیم آف دا ایئر کے کپتان ہونے کا اعزاز بھی بابر اعظم کے نام رہا ہے۔
گذشتہ روز پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سال 2021 کے بہترین ٹی 20 کھلاڑی کا اعزاز  حاصل کیا اور پاکستان کی خاتون آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو آئی سی سی کی جانب سے ’ایمرجنگ کرکٹر آف دا ایئر‘ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

شیئر: