Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی میں امیتابھ بچن کا گھر 23 کروڑ روپے میں فروخت

مکان کی خریدوفروخت کا معاہدہ گذشتہ سال سات دسمبر کو طے پایا تھا (فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈین میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے دہلی میں اپنا ایک گھر نیلام کردیا ہے جہاں کسی وقت ان کے والدین ہری ونش بچن اور تیجی بچن رہا کرتے تھے، تاہم اس گھر کے نئے مالک نے اسے گرانے کا عندیہ دیا ہے۔ 
اطلاعات کے مطابق ’سوپان‘ نامی یہ گھر ان کی والدہ کے نام رجسٹرڈ تھا۔ امیتابھ بچن نے دہلی کے جنوبی علاقے گل موہر پارک میں واقع یہ گھر 23 کروڑ انڈین روپے میں فروخت کیا۔ 
یہ گھر نیزون گروپ آف کمپنیز کے سی ای او اونی بدر نے خریدا ہے جو تقریباً تین دہائیوں سے امیتابھ بچن سے جان پہچان رکھتے ہیں۔ اونی بدر کی رہائش بھی اس کے قریب ہی ہے۔ 
اس گھر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کا رقبہ تقریباً 418 مربع میٹر ہے اور مکان کی خریدوفروخت کا معاہدہ گذشتہ سال سات دسمبر میں طے پایا تھا۔ 
گھر کے نئے مالک اونی بدر نے ’اکنامک ٹائمز‘ کو بتایا کہ اس گھر کا ڈھانچہ بہت پرانا ہوچکا ہے جسے وہ گرائیں گے اور اپنی ضرورت کے مطابق نئی تعمیر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن کے ممبئی جانے کے بعد ان کے والدین بھی ان کے ساتھ منتقل ہوگئے تھے۔ 
سنہ 1979 میں امیتابھ بچن کی فلم ’ڈان‘ کی کامیابی کے بعد ہری ونش بچن اور تیجی بھی ممبئی منتقل ہوگئے تاہم وہ گاہے گاہے اس رہائش گاہ آتے رہے جہاں پرانے دوستوں کے ساتھ شعر و شاعری اور ادبی محفلوں کا سلسلہ چلتا رہا۔
خیال رہے کہ امیتابھ بچن اپنی اہلیہ جیا بچن، بیٹے ابھیشک بچن، بہو ایشوریہ رائے بچن اور پوتی آرادھیا کے ہمراہ ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔ وہ ایک ہی گھر میں رہتے ہیں جسے ’جلسہ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان کی ممبئی میں کئی پراپرٹیز ہیں جبکہ اپنے آبائی شہر الہٰ آباد میں بھی اپنا آبائی گھر اور دبئی میں بھی ایک کوٹھی ہے۔ 
امیتابھ بچن کی اگلی فلم ’جھنڈ‘ چار مارچ کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ 

شیئر: