Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: بابر اعظم کے 90 رنز کام نہ آئے، میچ نو رنز سے پشاور زلمی کے نام

بابراعظم نے پی ایس ایل سیون میں پہلی مرتبہ ٹاس جیتا (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ 7 کے گیارہویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کی ناقابل شکست 90 رنز کی اننگز کے باوجود فتح پشاور زلمی کے نام رہی۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹیں کھو کر 164 رنز بنائے، میچ نو رنز سے پشاور زلمی کے نام رہا۔ یہ ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کی مسلسل چوتھی شکست ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے تین وکٹیں محمد عمر کے حصے میں آئیں۔ شعیب ملک، طلعت اسلم اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا جب پہلے ہی اوور میں شعیب ملک کی گیند پر شرجیل خان بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اوور میں کراچی کنگز نے صاحبزادہ فرحان کی وکٹ کھوئی تو ٹیم کا مجموعی سکور تین تھا۔
جمعے کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بابر اعظم نے پشاور زلمی سے ٹاس جیتا تو یہ پی ایس ایل سیون میں پہلا موقع تھا کہ ٹاس ان کے نام رہا۔
این کوبین 43 رنز بنا کر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھانے میں کپتان بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔
کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب محمد نبی 10 گیندوں پر 10 رنز بنا کر باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوئے۔
عامر یامین 15 گیندوں پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس وقت کراچی کنگز کا مجموعی سکور 128 ہوچکا تھا۔
عماد وسیم بیٹنگ کے لیے آئے لیکن بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عمر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: پی ایس ایل)

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹیں کھو کر 173 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازئی اور کامران اکمل نے اننگز اوپن کی۔
پشاور زلمی کو 53 کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان ہوا جب حضرت اللہ زازئی 27 گیندوں پر 41 رنز بنانے کے بعد کیچ تھما بیٹھے۔
کامران اکمل بھی 19 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر باؤنڈری کے پاس کیچ آؤٹ ہوگئے۔
حیدر علی 21 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور تیرہویں اوور میں 103 ہوچکا تھا۔
کپتان پشاور زلمی وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بھی بولنگ ہی کرتے، اگر 170 تک سکور کرلیا تو کامیاب ہو سکتے ہیں۔

شیئر: