Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راجیو گاندھی قتل کیس: 31 سال بعد مجرم کی رہائی کا حکم

راجیو گاندھی کے قتل میں ملوث چھ دیگر افراد ابھی تک جیل میں ہیں اور عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈین سپریم کورٹ نے بدھ کو وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کیس میں سزا کاٹنے والے اے جی پیراریولن کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق  جسٹس ایس ناگسوارا کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اے جی پیراریولن کی 31 سال بعد رہائی کا حکم دے دیا۔
اس وقت مجرم اے جی پیراریولن کی رحم کی درخواست گورنر اور صدر کے پاس زیر التوا ہے۔
2008 میں ریاست تمل ناڈو کی کابینہ نے اسے رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
لیکن گورنر نے معاملہ صدر کے پاس بھیج دیا، تب سے اس کی رہائی کا معاملہ زیر التوا تھا۔
سپریم کورٹ نے 10 مئی کو اس معاملے کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
اے جی پیراریولن کو گاندھی کے قتل میں استعمال ہونے والے بم کے لیے بیٹریز سپلائی کرنے پر سزا دی گئی تھی۔ راجیو گاندھی کو 21 مئی 1991 کو جنوبی ریاست تمل ناڈو میں قتل کیا گیا تھا۔ گاندھی پر قاتلانہ حملہ سری لنکن علیحدگی پسند گروپ  لبریشن ٹائیگرز آف تمل ایلام (ایل ٹی ٹی ای) نے کیا تھا۔
راجیو گاندھی کا قتل انڈین حکومت کی جانب سے سری لنکا کے ساتھ تامل ٹائیگرز کو غیر مسلح کرنے کے معاہدے کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔
انڈیا نے بعد میں سری لنکا میں تعینات اپنے فوجیوں کو واپس بلایا تھا جب باغیوں کے ہاتھوں 12 سو سے زائد انڈین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
اے جی پیراریولن کو جب 1991 میں گرفتار کیا گیا تھا اور راجیو گاندھی کے قتل کے وقت ان کی عمر 19 سال تھی۔ اے جی پیراریولن کو شروع میں موت کی سزا سنائی گئی تھی جسے بعد میں عمر قید میں تبدیل کیا گیا۔

2008 میں ریاست تمل ناڈو کی کابینہ نے اسے رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

2015 میں جب اے جی پیراریولن کی جانب سے رحم کی اپیل دائر کرنے کے بعد سے یہ معاملہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان وجہ نزاع بنا ہوا ہے۔
تمل ناڈو کے گورنر نے رحم کی اپیل صدر کو بھیج دی تھی لیکن سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں اور خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اے جی پیراریولن کی رہائی کا حکم دے دیا۔
راجیو گاندھی قتل میں ملوث چھ دیگر افراد ابھی تک جیل میں ہیں اور عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
راجیو گاندھی 1984 میں اپنی والدہ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد انڈیا کے سب سے کم عمر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے پانچ سال حکومت کی تھی۔

شیئر: