Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق فوجیوں کی تنظیم کا نئے انتخابات اور رانا ثنا اللہ کو ہٹانے کا مطالبہ

ویٹرنز آف پاکستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر علی قلی خان ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق فوجیوں کی تنظیم ویٹرنز آف پاکستان نے ملک میں نئے انتخابات اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پیر کو ویٹرنز آف پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیان جاری کیا گیا ہے کہ 25 مئی سے پہلے، اس کے دوران اور اس کے بعد پولیس کی کارکردگی اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے ایک عدالتی کمیشن کا تقرر کریں۔
بیان میں ’پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور فوری نئے انتخابات کروانے کا‘ مطالبہ کیا گیا ہے۔
ویٹرنز آف پاکستان نے عدلیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر پاکستان کی طرف سے اپنے خطوط میں اٹھائے گئے معاملات پر مثبت کارروائی کریں۔
’پنجاب میں آئینی بحران کو حل کریں اور ایک جائز حکومت کو یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن پر عدالتی نگرانی مسلط کریں جو پہلے ہی حدبندیوں اور ووٹر لسٹوں میں چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے۔‘
سابق فوجیوں کی تنظیم نے اعلیٰ عدلیہ سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے کیس پر مانیٹرنگ جج مقرر کریں۔
ویٹرنز آف پاکستان نے یہ بھی کہا ہے کہ ’آئی ایس پی آر کو فوج کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا تخلیقی جواب دینا چاہیے۔‘
تنظیم نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے خاص طور پر نچلے درجوں کے سابق فوجیوں کی پنشنوں میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے ویٹرنز آف پاکستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر علی قلی خان ہیں۔

شیئر: