Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے تیل سمگل کرنے والا غیر ملکی بحری جہاز پکڑ لیا

کارگو جہاز پر سات لاکھ 57 ہزار لیٹر سمگل شدہ  ایندھن لدا ہوا تھا۔ فوٹو گیٹی امیج
ایران کی بحریہ نے ایک غیر ملکی رجسٹرڈ بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے جو ایک بیان کے مطابق خلیج میں ایندھن کی سمگلنگ کر رہا تھا ،جہاز کے عملے کو گرفتار کر لیا گیاہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق  ایران کے سرکاری میڈیا نے ہفتے کو رپورٹ شائع کی ہے  جس میں سرکاری نشریاتی ادارے کی ویب سائٹ  کا حوالہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی میری ٹائم فورسز کے کمانڈر کے حوالے سے بتایا  گیا ہے کہ سات لاکھ 57 ہزار لیٹر سمگل شدہ  ایندھن لے جانے والے ایک غیر ملکی جہاز کو پکڑ لیا گیا ہے۔
ایرانی بحریہ کےجنرل رمضان زراہی نے بتایا ہے کہ بحری جہاز کے عملے کے سات ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ سب کے سب غیر ملکی ہیں تا ہم ان کی شناخت واضح نہیں کی گئی۔
جہاز کے عملے کے تمام ارکان کی گرفتاری کے بعد انہیں عدالتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تا ہم اس کے بارے میں بھی وضاحت نہیں کی گئی کہ جہاز کب پکڑا گیا اور اس پر کس ملک کا جھنڈا نصب تھا۔
جنرل رمضان نے بتایا ہے کہ  لاکھوں لیٹر تیل سے لدا کارگو جہاز جس کا مقصد دوسرے ممالک کو تیل کی ترسیل کرنا تھا اسے  ایران کے ساحل سے 60 میل کے فاصلے پر پکڑا گیا ہے۔

تیل بردار جہاز  ایران کے ساحل سے 60 میل کے فاصلے پر پکڑا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

واضح  رہے کہ دنیا بھر میں پیٹرول کی سب سے کم قیمت ایران میں ہےاور یہی وجہ ہے کہ یہاں سے تیل دوسرے ممالک کو سمگلنگ کرنے کو ایک منافع بخش کاروبار سمجھا جاتا  ہے۔
ایران نے حالیہ مہینوں میں خلیج میں ایندھن کی سمگلنگ کی کئی کوششوں کو ناکام کرنے کی کارروائیاں کی ہیں۔ ایران میں تیل کی ایک بڑی مقدار موجود ہے اور جو دنیا کے دیگر ممالک سمگل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

شیئر: