Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف اور روس کے صدر پوتن کی سمرقند میں ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق ’دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سالانہ اجلاس کے موقع پر سمرقند میں ہوئی جو جمعرات اور جمعہ کو ہورہا ہے۔
اس سے قبل شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان قابل اعتماد اور تعمیری اعلیٰ سطحی رابطوں، بین الپارلیمانی روابط، دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال اور خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل سمیت باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے تفصیلی بات چیت کی۔
تاجک صدر امام علی رحمان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں تاجکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین کرائی۔
شہبازشریف کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کی ملاقات
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی۔ (فوٹو: اے پی پی)

قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سمرقند پہنچ گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم ازبکستان عبداللہ آریپوف، وزیر برائے پبلک ایجوکیشن ازبکستان بختیار سائیدوف اور پاکستان میں ازبک سفیر ایبک عارف عثمانوف اور اعلی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

شیئر: