Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کوئی کتنی ملاقاتیں کرلے آرمی چیف کا تقرر شہباز شریف نے کرنا ہے‘

خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کوئی پراسیس شروع ہوا ہے اور نہ ایسا کوئی تجویز ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور اتحادیوں کے مشورے سے کریں گے۔
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں خرم دستگیر خان نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم شہباز شریف کا صوابدیدی اختیار ہے۔
’تقرری سے پہلے وزیراعظم اتحادیوں اور لندن میں موجود پارٹی قائد نواز شریف سے مشورہ کریں گے۔ لیکن حتمی فیصلہ شہباز شریف نے کرنا ہے اس لیے کوئی کتنی ہی ملاقاتیں کرلیں آخری فیصلہ شہباز شریف نے کرنا ہے۔‘
 ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر عوام کے خیر خواہ ہیں تو ان کو خیر پور ناتھن شاہ جانا چاہیے۔
 پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مریم نواز کے اختلاف کے سوال پر خرم دستگیر نے جواب دیا کہ مریم نوازپارٹی کی نائب صدرہیں پارٹی میں اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ نیٹ میٹرنگ کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، جن لوگوں کے گھر سولر لگے ہیں ان کے لیے کوئی تبدیلی نہیں۔
ان کے مطابق اکتوبر سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں کمی آئے گی۔
قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کوئی پراسیس شروع ہوا ہے اور نہ ایسا کوئی تجویز ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران خواجہ آصف نے کہا  آرمی چیف کے تقرری کا موضوع جس طرح اب میڈیا کی زینت بنا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا، اور یہ عمران خان کی منفی کنٹری بیوشن ہے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ جو بھی بات کرتے ہیں اس چیز کو زیادہ سے زیادہ متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

خرم دستگیر خان نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم شہباز شریف کا صوابدیدی اختیار ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

وزیر دفاع کے مطابق ’اس موضوع کو کسی بھی تنازعے میں گھسیٹنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ سیاستدان پوری دنیا میں دست و گریبان ہوتے ہیں لیکن اس میں اداروں کو متنازع نہ بنایا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ’کبھی اداروں کی بات کرتے ہیں، کبھی آرمی چیف کے تقرر کی بات کرتے ہیں اور کبھی کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف پاکستان کو قرض نہ دے۔‘
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سنیچر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے براستہ لندن امریکہ روانہ ہوگئے ہیں۔
شہباز شریف امریکہ جاتے ہوئے لندن میں قیام کریں گے جہاں وہ پیر 19 ستمبر کو ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پیر کو لندن میں ن لیگ کے رہنماؤں کا اعلیٰ سطح کا نواز شریف کی زیرصدارت ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں دیگر معاملات کے علاوہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

شیئر: