Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد شریف کی نماز جنازہ ادا، بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
کینیا میں ہلاک ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی ہے۔
جمعرات کی صبح ارشد شریف کی میت ہسپتال سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پہنچا دی گئی تھی۔
ارشد شریف کی نماز جنازہ دو بجے فیصل مسجد میں ادا کی گئی ہے جس کے بعد انہیں ایچ الیون کے قبرستان میں دفنایا جائے گا۔
 پیر کو معروف اینکر اور صحافی ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
وزارت داخلہ نے ارشد شریف کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے دو رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو بدھ کے روز کینیا روانہ ہو گئی تھی۔ 
تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران شامل ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحقیقاتی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کے پاکستان سے دبئی اور پھر دبئی سے کینیا روانگی کی مکمل وجوہات اور محرکات کا جائزہ لے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کیس میں پاکستان کے ایک نجی چینل سے منسلک شخصیت کے کینیا میں سونے کی سمگلنگ کے کاروبار سےمتعلق قائم کمپنی کے کردار کا جائزہ لے گی۔‘
اس کے علاوہ منگل کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے جاری بیان میں کہا تھا کہ ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ عدالتی کمیشن کے سربراہ حقائق کے لیے سول سوسائٹی اور میڈیا سے بھی کسی رکن کو شامل کر سکتے ہیں۔

شیئر: