Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرپور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو شکست، انڈیا نے ٹیسٹ سیریز جیت لی

اس سے قبل بنگلہ دیش نے ون ڈے سیریز میں انڈیا کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے بنگلہ دیش کو میرپور میں کھیلنے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
بنگلہ دیش نے اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 227 جبکہ دوسری اننگز میں 231 رنز بنائے تھے۔
انڈیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 314 بنا چکی تھی جبکہ دوسری اننگز میں اسے میچ جیتنے کے لیے بنگلہ دیش کی طرف سے 145 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 145 رنز کا ہدف بھی انڈیا کے لیے مشکل ثابت ہوا اور انہوں نے اس کے تعاقب میں سات وکٹیں گنوادیں۔
بنگلہ دیش کے سپنر مہدی حسن میراز نے دوسری اننگز میں 63 رنز دے کر پانچ انڈین کھلاڑیوں کو پویلن کی راہ دکھائی۔
انڈیا کو میچ جتوانے میں آلراؤندر روی چندرن ایشون نے مرکزی کردار ادا کیا۔
انہوں نے دوسری اننگز میں 62 گیندوں پر 42 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ بیٹر شریاس اییر نے 46 گیندوں پر 29 رنز بناکر انڈیا کی اس ٹسیٹ میں جیت کو یقینی بنایا۔
روی چندرن ایشون کو دونوں اننگز میں مجموعی طور پر چھ وکٹیں لینے اور 42 رنز بنانے پر ’مین آف دا میچ‘ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بیٹر چیتیشور پُجارا دونوں ٹیسٹ میچوں میں 222 رنز بنا کر ’میچ آف دا سیریز‘ قرار پائے۔
اس سے قبل سیریز کا پہلا میچ بھی انڈیا نے 188 رنز سے جیتا تھا جبکہ ون ڈے سیریز 1-2 سے بنگلہ دیش نے جیتی تھی۔

شیئر: