کولڈ میک اپ اس وقت سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہے (فوٹو: فری پک)
گزرتے وقت کے ساتھ میک اپ کے انداز تبدیل ہونا باعث حیرت نہیں۔ کچھ عرصے کے دوران سائرن میک اپ کے بعد آئی لائنز کے ٹرینڈ بہت مشہور رہے لیکن پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک نیا میک اپ سامنے آیا ہے جس کا نام ہی کچھ ایسا ہے کہ سنتے ہی سردی کا احساس ہوتا ہے۔
اسی طرح جون میں ’سن برن بلش‘ میک اپ بھی بہت مشہور ہوا تھا۔
اس وقت سوشل میڈیا خصوصاً ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر کولڈ میک اپ کے مظاہر بڑے پیمانے پر دکھائی دے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ’مجھے ٹھنڈ لگ رہی ہے‘ کے ٹرینڈز چل رہے ہیں۔
اس ٹرینڈ کی وجہ دنیا کے بیشتر حصوں میں پھیلا سرد موسم ہے اور اس کی مناسبت سے ہی یہ ٹرینڈ مقبول ہو رہا ہے۔
سیدتی میگزین میں کولڈ میک اپ کے حوالے سے اہم معلومات دی گئی ہیں اور یہ روپ دھارنے کے طریقے بھی بتائے گئے ہیں۔
ٹھنڈا میک اپ کیا ہے؟
یہ میک اپ کی ایک ایسی قسم ہے جس میں چہرے کو کچھ یوں سجایا جاتا ہے جسے دیکھتے ہی لگتا ہے کہ آپ کسی انتہائی سرد مقام پر ہیں۔ اس میں گلابی گالوں کے علاوہ ناک سرخی مائل ہوتی ہے جبکہ اس کے ساتھ گرم ٹوپی بھی پہنی جاتی ہے۔ جس سے دیکھنے والے کو لگتا ہے کہ آپ کسی برفیلے مقام پر موجود ہیں یا پھر ابھی وہاں سے آئے ہیں۔
بلش وِنٹر لُک
اسی میک اپ کو بلش وِنٹر لُک بھی کہا جاتا ہے اور اس کی وجہ وہی گالوں کی سُرخی ہے جبکہ یہ سب کو معلوم ہی ہے کہ بلش انگریزی میں ایسے شرمانے کو کہتے ہیں کہ جس میں گال سرخ ہو جاتے ہیں۔
چونکہ بلش کو رومانوی سا تصور بھی سمجھا جاتا ہے اس لیے کولڈ میک اپ نوجوان لڑکے لڑکیوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور وہ ویسی ہی لُک بنا کر اپنی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔
کولڈ میک اپ کرنے کا طریقہ
جیسا کہ اوپر کی سطور میں واضح ہو چکا ہے کہ اس میں آپ کو ایسا نظر آنا ہے کہ جیسے آپ کسی انتہائی سرد مقام پر ہیں۔
چہرے پر ایسا تاثر لانے کے لیے میک اپ کی مختلف اشیا استعمال کی جا سکتی ہیں۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ ہلکے فاؤنڈیشن کے ساتھ آغاز کریں۔ اس کے بعد چہرے پر اس طرح سے پاؤڈر لگائیں کہ وہ ذرا سی دھندلی نظر آئے۔ اس کے بعد گالوں کے ابھرے حصے پر ہلکی سُرخی مائل آئٹم لگائیں جو زیادہ گہری نہیں ہونی چاہیے تاہم یہی سُرخی ناک کے اوپر اور اطراف میں نسبتاً زیادہ لگائی جائے گی۔ اس کے لیے اسپنج کا استعمال کیا جائے تو چہرے پر اوس سی بھی دکھائی دے گی۔
کچھ مزید ضروری چیزیں
یہ میک اپ صرف چہرے تک محدود نہیں بلکہ اس میں ٹوپی اور کپڑے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ساتھ ہی گرم کوٹ اور رنگین اونی ٹوپی بھی پہنیں۔ ویسے تو اس کے لیے تصویر اِنڈور بھی لی جا سکتی ہے تاہم بیرونی منظر ہو تو زیادہ دلکشی پیدا ہوتی ہے۔ اسی طرح پس منظر میں کسی ایسے مقام کی تصویر بھی لگائی جا سکتی ہے جہاں برف دکھائی دے رہی۔ انٹرنیٹ اور ایپس کے دور میں ایسا بیک گراؤنڈ حاصل کرنا زیادہ مشکل نہیں۔
یاد رکھنے کی بات
بلش لُک کے حوالے سے یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ ایسا ہی ایک میک اپ کا انداز سن برن بلش بھی ہے جس میں کچھ ایسا دکھائی دیا جاتا ہے جیسے سِن باتھ لیا گیا کیونکہ اس میں بھی زیادہ گورے افراد کا رنگ بھورا سا ہو جاتا ہے اور گندمی رنگ نسبتاً گہرے رنگ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔