Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین خواتین کرکٹرز کو مرد کرکٹرز کے برابر میچ فیس ملے گی

بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ کے ویمن ایڈیشن (ویمنز آئی پی ایل) کو 2023 میں کروانے کا بھی اعلان کیا. فوٹو ایشین کرکٹ کونسل
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین خواتین کرکٹرز کو مرد کرکٹرز کے برابر معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کے روز بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ بی سی سی آئی نے صنفی امتیاز کے خاتمے کے لیے پہلا قدم اٹھایا ہے، ہم کنٹریکٹ میں شامل خواتین ٹیم کے لیے برابری کے معاوضے کی پالیسی لارہے ہیں، اب مرد اور خواتین ٹیم دونوں کے لیے میچ فیس برابر ہوگی۔‘
جے شاہ نے مزید لکھا کہ ’اب خواتین کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کے 15 لاکھ، ون ڈے کے 6 لاکھ اور ٹی20 میچ کے تین لاکھ روپے ملیں گے۔‘
 میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے بعد انڈین ویمنز کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ میچ فیس میں چار گنا، ون ڈے میچ کی فیس میں چھ گنا اور ٹی20 کی میچ فیس میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جنسی امتیاز کو ختم کرنے کا یہ کوئی پہلا قدم نہیں ہے۔
اس سے پہلے رواں ماہ بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ کے ویمن ایڈیشن (ویمنز آئی پی ایل) کو 2023 میں کروانے کا بھی اعلان کیا تھا۔
حالیہ وقت میں انڈین ویمنز ٹیم کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔ انڈین ویمنز ٹیم نے انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا تھا جبکہ بنگلہ دیش میں ہونے والا ویمنز ایشیا کپ بھی انڈیا کے نام رہا تھا۔
خیال رہے آئی سی سی کی ویمنز رینکنگ کے مطابق ون ڈے اور ٹی20 میں انڈین ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ 

شیئر: