Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں 15 ملین پونڈ کا خالص سونے کا عروسی جوڑا

خالص سونے سے بنےعروسی لباس کا وزن 9 کلوگرام ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سونے اور ہیروں  سے آراستہ عروسی لباس تیار کرنے والی سپیشلسٹ کمپنی نے فیس بک کے اپنے پیج پر منفرد قیمتی عروسی جوڑے کا اشتہار دے کر پورے ملک میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق کمپنی کے اشتہار میں صارفین کو بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے اس کا وزن 9 کلو گرام ہے اور اس کی قیمت 15.7 ملین پونڈ ہے۔ ہوم ڈیلیوری سروس فری ہے۔ سب سے پہلے آرڈر پر 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ 
کمپنی نے صارفین کی توجہ عروسی جوڑے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ خالص سونے سے تیار کردہ اس لباس کی نمائش کل جمعے کو ایک میلے میں کی جائے گی۔ 
سوشل میڈیا کے مصری صارفین نے اس اشتہار پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام کمپنی کی اس حرکت کا نوٹس لیں۔ کمپنی نے عوام کے جذبات مشتعل کیے ہیں۔ ایسے عالم میں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں مصری پونڈ کی قدر زمین کی تہہ کو چھو رہی ہے، ایسے عالم میں خالص سونے کے عروسی لباس کی پبلسٹی کسی طور زیب نہیں دیتی۔ 
بعض صارفین نے اس واقعے کو ہلکے انداز میں لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پر برا ماننے والی کوئی بات نہیں کمپنی عروسی لباس کی شکل میں سونا فروخت کر رہی ہے۔
کئی لوگ اپنی بچت محفوظ کرنا چاہتے ہیں وہ خالص سونے کا عروسی لباس خرید کر اپنی رقم محفوظ کر سکتے ہیں اس میں برا ماننے والی کوئی بات نہیں۔

شیئر: