Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی خلائی جہاز مدار میں 276 دن گزارنے کے بعد زمین پر واپس

ایکس 37 بی ایک ایسا خودکار خلائی جہاز ہے جو برسوں تک زمین کے مدار میں ٹھہر سکتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
تجرباتی طور پر بھیجے گئے چین کے خلائی جہاز نے مدار میں 276 دن گزارنے کے بعد زمین پر کامیاب واپسی کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ایک تجرباتی چینی خلائی جہاز 276 دنوں تک مدار میں رہنے کے بعد پیر کو زمین پر واپس آیا، جس نے ملک کی دوبارہ قابل استعمال خلائی ٹیکنالوجی کی جانچ کے لیے ایک تاریخی مشن مکمل کیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق بغیر عملے کے خلائی جہاز پیر کو شمال مغربی چین میں جیوکوان لانچ سینٹر میں شیڈول کے مطابق واپس آیا۔
یہ خلائی جہاز کیا تھا، کن ٹیکنالوجیز کا تجربہ کیا گیا، اس نے کتنی بلندی پر اڑان بھری، اور اگست 2022 کے اوائل میں لانچ ہونے کے بعد سے اس کو مدار میں کہاں لے جایا گیا تھا اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
اس خلائی جہاز کی تصاویر بھی تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ تجربہ دوبارہ قابل استعمال خلائی جہاز کی ٹیکنالوجی کی چین کی تحقیق میں ایک ’اہم‘ پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے جو مستقبل کے خلائی مشنز کو آگے بڑھانے کے لیے زیادہ آسان اور سستا ذریعہ فراہم کرے گا۔
سنہ 2021  میں بھی ایسا ہی ایک خلائی جہاز خلا کے کنارے تک اڑایا گیا تھا جس کو اسی دن مشن مکمل کر کے زمین پر واپس لایا گیا۔ اُس مشن کو بھی بڑے پیمانے پر خفیہ رکھا گیا تھا۔
اس وقت کے چین کے خلائی ادارے نے بیان میں کہا تھا کہ خلا کے کنارے کو چھونے کے بعد جہاز واپس ’افقی انداز‘ میں کامیابی سے اُترا تھا۔
چینی سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے والوں نے قیاس آرائی کی ہے کہ بیجنگ ایک ایسا خلائی جہاز تیار کر رہا ہے جو امریکہ کے ایکس 37 بی جیسا ہوگا۔
ایکس 37 بی ایک ایسا خودکار خلائی جہاز ہے جو برسوں تک زمین کے مدار میں ٹھہر سکتا ہے۔
بغیر عملے کے اور دوبارہ استعمال کے قابل ایکس 37 بی اپنے چھٹے اور تازہ ترین مشن میں 900 دن سے زیادہ مدار میں رہنے کے بعد گزشتہ سال نومبر میں زمین پر واپس آیا تھا۔

شیئر: