فلوریڈا میں سمندری طوفان، امارات نے 34 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا
16 اماراتی شہریوں کو میامی اور18 کو اٹلانٹا منتقل کیا گیا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے فلوریڈا کے مغربی ساحل پر سمندری طوفان ایڈالیا کے باعث 34 اماراتی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسیا وام کے مطابق سفارتخانے نے اپنے مشنز کے ساتھ مل کر 16 اماراتی شہریوں کو میامی اور18 کو اٹلانٹا منتقل کیا ہے۔
امارات کے سفارتخانے نے تمام شہریوں پر زود دیا کہ’ وہ احتیاطی تدابار اختیار کریں اور سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں سے دور رہیں۔ مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کیا جائے‘۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امارات کی وزارت خارجہ سے رابطہ کرنے کےلیے کہا گیا ہے۔
امریکہ میں امارات کے سفیر یوسف مانچ العتیبہ نے کہا کہ ’بیرون ملک اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ سمندری طوفان ایڈالیا فلوریڈا اورجارجیا سے ٹکرایا ہے جس نے وسیع حصے میں تباہی مچا دی۔
بارش کے باعث ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ رہائشی علاقے زیر آب آگئے۔
جارجیا اورفلوریڈا میں تین لاکھ 75 ہزارسے زیادہ گھروں اور کاروباری مراکز میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند ہں جبکہ متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔