ضروری ادویات نہ ہونے پرطبی اداروں کے خلاف کارروائی
اتوار 12 نومبر 2023 18:59
خلاف ورزیوں پر 1.8 ملین ریال کے جرمانے کیے گئے(فوٹو، ایکس)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ اکتوبر 2023 کے دوران 59 فارمیسز نے ادویہ کی فراہمی کی پابندی نہیں کی۔
الاخباریہ چینل کے مطابق ایس ایف ڈی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ 59 صحت اداروں نے مقامی مارکیٹ کے لیے مقرر ادویہ کی فراہمی کے عہد کی پابندی نہیں کی اور نہ ہی ای سسٹم کے ذریعے اس سے مطلع کیا۔
اداروں نے ادویہ میں قلت یا رجسٹرڈ دواؤں کی رسد میں تعطل کے حوالے سے خدشے کا بھی اظہار نہیں کیا۔
ایس ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ انسپکٹرز نے 29 فارمیسیوں کے خلاف اس بات پر کارروائی کی کہ انہوں نے ادویہ کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں کی جبکہ گیارہ کمپنیوں نے ادویہ کی فراہمی کی پابندی نہیں کی اور 19 نے ادویہ کی قلت یا رسد میں تعطل کے امکان کے بارے میں اپنے خدشات سے آگاہ نہیں کیا۔
ایس ایف ڈی اے نے مبینہ خلاف ورزیاں کرنے والے اداروں پر 1.8 ملین ریال کے جرمانے کردیے۔