Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فضائی حدود کی خلاف ورزی‘، پاکستان کا انڈیا کے جاسوس ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ

بیان کے مطابق ’ڈرون لائن آف کنٹرول کے قریب کے علاقے میں جاسوسی کر رہا تھا۔‘ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستانی فوج نے اتوار کو لائن آف کنٹرول پر ’فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر ایک انڈین جاسوس ڈرون کو مار گرایا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’پاکستانی فورسز نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجکر 55 منٹ پر انڈین فوج کے ایک کواڈ کاپٹر کو مار گرایا جو لائن آف کنٹرول کے قریب جاسوسی کر رہا تھا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ تصاویر میں انڈین فوج کا نشان دیکھا جاسکتا ہے جس سے تصدیق ہوتی ہے کہ کواڈ کاپٹر انڈین فوج کا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے تعلقات اُس وقت سے کشیدہ ہیں جب اگست 2019 میں انڈیا نے اپنے زیر انتظام کشمیر کی خود مختار حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔
حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اس فیصلے نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر اور پاکستان میں غم و غصے کو جنم دیا تھا۔
پانچ سال قبل 27 فروری 2019 کو پاکستان نے کشمیر میں دو انڈین جنگی طیارے مار گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
 یاد رہے کہ فروری 2019 کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں انڈیا کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی گاڑی خودکش حملے میں اڑا دی گئی تھی۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے 40 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
انڈیا نے اس حملے کا الزام کالعدم تنظیم پر لگایا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سرحدوں اور ایل او سی پر کشیدگی دیکھنے میں آئی۔
26 فروری کی رات انڈیا نے بالاکوٹ میں ایئر سٹرائیک میں دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
انڈیا کی اس کارروائی کا پاکستانی فضائیہ نے اگلے ہی دن جواب دیا۔ پاکستان کی جانب سے انڈین طیارہ مار گرایا گیا جو پاکستانی حدود میں گرا جس کے پائلٹ ابھینندن کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔
تاہم پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت یکم مارچ کو انڈین پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر انڈین حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

شیئر: