مصری اداکارہ مونا ذکی کی فلم 'رحلہ 404' آسکر میں نمائندگی کرے گی
مصری اداکارہ مونا ذکی کی فلم 'رحلہ 404' آسکر میں نمائندگی کرے گی
منگل 17 ستمبر 2024 21:53
آسکر ایوارڈ کا 97 واں ایڈیشن مارچ 2025 کو لاس اینجلس میں منعقد ہو گا۔ فوٹو الشرق نیوز
مصری فلم سنڈیکیٹ نے اعلان کیا ہے مونا ذکی کی اداکاری والی مصری فلم’ رحلہ 404‘ 2025 کے آسکر ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے میں نمائندگی کے لیے منتخب ہوئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مصری فلم’ رحلہ 404‘ شارٹ لسٹ کئے جانے کے لیے زیرغور ہو گی۔ اگر یہ فیچر فلم منتخب ہو جاتی ہے تو اسے لاس اینجلس میں منقعد ہونے والے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جا سکتا ہے۔
فلم میں غدا نامی خاتون کی کہانی بیان کی گئی ہے جسے حج پر جانے سے چند دن قبل ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لیے اسے بڑی رقم کی ضرورت ہوتی ہے۔
مدد طلب کرنے پر مجبور ہو کر وہ ایسے افراد سے رابطہ کرتی ہے جو اس کے پریشان حال اور داغدار ماضی کے ذمہ دار ہیں جب کہ وہ اپنے ماضی سے توبہ کر چکی ہے۔
فلم ساز ھانی خلیفہ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کا سکرپٹ محمد رجاء نے تیار کیا ہے، اداکارہ مونا ذکی کے علاوہ اس فلم میں اداکار محمد فراج، محمد ممدوح، شیرین رضا، خالد الصاوی، محمد علاء ، اسماء ابراہیم شامل ہیں۔
مصر کے سینماگھروں میں فلم رحلہ 404 کی نمائش کا آغاز جنوری 2024 کے آخر میں ہوا تھا۔
لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکر کا 97 واں ایڈیشن 3 مارچ 2025 کو منعقد ہونے والا ہے۔