Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آخر کار سیزفائر ہو گیا، لیکن جیتا کون؟‘

انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہو گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند منٹ بعد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ رات بھر طویل امریکی ثالثی میں مذاکرات کے بعد دونوں ممالک مکمل اور فوری جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے اچانک جنگ بندی کا اعلان ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت انڈیا میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’امریکہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے آج جنگ بندی کرانے میں کردار ادا کیا۔‘
اس سے قبل تنازعے کے آغاز پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان اور انڈیا مسئلہ خود حل کر لیں گے جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ’انڈیا اور پاکستان کے درمیان تنازع بنیادی طور پر ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔‘
انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر دونوں ممالک کے شہری ملے جُلے تاثرات کا اظہار کرہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر شہریوں کا کہنا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، جنگ تو خود ایک مسئلہ ہے۔
راہل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کشیدگی میں زخمی اور مارے جانے والے افراد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آخر کار سیزفائر ہو گیا، لیکن جیتا کون؟ کوئی نہیں، تو پھر ہارا کون؟ انسانی زندگیاں۔‘
اسی طرح سے بنٹی نامی ایکس اکاؤنٹ نے جان کی بازی ہار جانے والے ایک بچے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’سیز فائر تو ہو گیا لیکن کیا یہ ارتضی کو واپس لے آئے گا؟‘
ایکس صارف فیضان ریاض نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہم شکل کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’جنگ بندی کروانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان پہنچ گئے۔‘
معروف پوڈ کاسٹر شہزاد غیاث شیخ نے لکھا ’سیز فائر پر ردعمل سے ظاہر ہو گیا کون سا ملک جنگ چاہتا ہے اور کون سا ملک امن۔‘
وکیل صاحبہ نامی ایک اکاؤنٹ نے لکھا ’جنہیں جنگ کا بہت شوق ہے نا وہ بارڈر کے قریب علاقوں میں رہ کر دیکھیں۔‘

 

شیئر: