Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹاربکس کی منفرد ملازمت، جس کی تنخواہ ساڑھے تین لاکھ ڈالرز سے زائد ہے

اس نوکری کی تنخواہ سٹار بکس کے بریسٹا ملازمین کی تنخواہ سے 10 فیصد زیادہ ہے (فوٹو: ستاربکس)

کافی بنانے والے معروف عالمی برانڈ سٹاربکس نے ایک منفرد نوکری کے لیے بھرتی کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے کام کافی خانوں نہیں بلکہ فضا میں کرنا پڑے گا۔

کمپنی ایک ایسے تجربہ کار پائلٹ کی تلاش میں ہے جو سٹاربکس کے طیارے کو دنیا بھر میں پرواز کروائے اور کمپنی کا سفیر بن کر ممالک کا سفر کرے۔

اس عہدے کی سالانہ تنخواہ تین لاکھ 60 ہزار ڈالرز ہو گی تاہم اس کے لیے امیدوار کے پاس تجربہ اور خصوصی مہارتیں ہونا لازمی شرط ہے۔

سٹاربکس کی جانب سے اپنی ویب سائٹ دیے گئے اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ کامیاب ہونے والے امیدوار کو طیارے اور اس کے عملے کی نگرانی، پرواز سے پہلے کی منصوبہ بندی اور سفر کو محفوظ بنانے کی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔

یہ پوزیشن نہ صرف عملی مہارت کا تقاضا کرتی ہے بلکہ اس کے لیے اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ اخلاقیات اور بہترین کسٹمر سروس کی صلاحیت بھی درکار ہے کیونکہ پائلٹ کو سٹاربکس کے ایگزیکٹیوز کے ساتھ براہ راست معاملات طے کرنا ہوں گے۔

یہ بھی دلچسپ بات ہے کہ سٹاربکس کے سی ای او برائن نکول خود بھی اس طیارے میں سفر کرتے رہتے ہیں کیونکہ وہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں رہتے ہیں اور ہر ہفتے کئی بار واشنگٹن میں واقع سٹاربکس ہیڈکوارٹر کا سفر کرتے ہیں۔

متذکرہ عہدے کے فرائض میں مسافروں کے سامان کی ہینڈلنگ میں مدد بھی شامل ہے۔


امیدوار کے پاس کارپوریٹ فلائٹ ڈیپارٹمنٹ میں بطور کپتان کم از کم پانچ سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے (فائل فوٹو: لینکڈان)

اس نوکری کے لیے امیدوار کے پاس کارپوریٹ فلائٹ ڈیپارٹمنٹ میں بطور کپتان کم از کم پانچ سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے اور پانچ ہزار گھنٹے کی پرواز کے مجموعی وقت کا تجربہ بھی لازمی ہے۔

اس کے علاوہ ایئر لائن ٹرانسپورٹ پائلٹ سرٹیفکیٹ، فرسٹ کلاس میڈیکل سرٹیفکیٹ، درست پاسپورٹ اور ایف سی سی ری سٹرکٹڈ ریڈیو آپریٹر پرمٹ بھی لازمی دستاویزات میں شامل ہیں۔

یہ عہدہ کافی بنانے والے بریسٹا ملازمین کی سالانہ آمدنی سے 10 گنا زیادہ تنخواہ کی پیشکش کر رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدوار وہی ہو گا جو اپنے رویے، انداز اور ظاہری شخصیت کے ذریعے سٹاربکس کے امیج کی مثبت نمائندگی کر سکے اور جس میں نرمی، تہذیب اور پیشہ ورانہ وقار موجود ہو۔

کمپنی کے مطابق ’بطور کپتان پائلٹ ان کمانڈ، آپ سٹاربکس برانڈ اور اس کے ملازمین کی پیشہ ورانہ شناخت اور وقار کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ کردار کمپنی کے سب سے نمایاں چہروں میں سے ایک ہوتا ہے، جو صارفین کے لیے تجربے کا پہلا اور اہم تاثر ہوتا ہے۔‘

 

شیئر: