Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسمان پر نایاب گلابی روشن دھبہ کیا ہے؟ ماہرین حیران

’اس سے مشابہ ایک واقعہ 13 مئی کو بھی پیش آیا تھا‘ ( فوٹو: ایکس)
سعودی عرب کے شمال مغرب میں گزشتہ شب آسمان غیر معمولی موسمی منظر دیکھنے ملا جہاں غروب آفتاب کے بعد روشن گلابی دائرہ نما دھبہ نمودار ہوا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آسمان پر یہ گلابی روشن دھبہ نایاب اور غیر مانوس منظر ہے۔
جدہ کی فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ نے بتایا ہے کہ ’یہ منظر دوسری مرتبہ دیکھا گیا ہے‘۔
’اس سے مشابہ ایک واقعہ 13 مئی کو بھی پیش آیا تھا جو اس طرح کے بار بار رونما ہونے والے مظاہر کی نوعیت پر مزید سوالات کو جنم دیتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’حاصل کی گئی تصاویر کے مطابق یہ دھبہ تاریک نیلے آسمان کے پس منظر میں واضح طور پر روشن تھا‘۔
’ اپنی جگہ پر ساکت رہا، اس کے ساتھ نہ کوئی آواز تھی اور نہ ہی کوئی واضح شکل تھی، یہاں تک کہ وہ چند منٹوں بعد بتدریج غائب ہونے لگا‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ممکنہ سائنسی وضاحتوں میں سے ایک یہ ہے کہ یہ منظر باریوم، سٹرونٹیم اور آئنائزڈ آکسیجن کے بخارات کا نتیجہ ہو سکتا ہے جو بلند فضائی پرتوں کے مطالعے کے لیے چھوڑے گئے ہوں‘۔
’ ایسی تجرباتی سرگرمیوں میں غروب آفتاب کے بعد بچنے والی سورج کی روشنی جب 100 کلومیٹر سے زیادہ بلندی پر ان بخارات پر پڑتی ہے تو یہ روشن دھبوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں، جو گلابی، نیلے یا سبز رنگ میں چمکتے ہیں اور اُن کی شکلیں بلند فضاؤں کی ہواؤں کے باعث بدلتی رہتی ہیں‘۔

شیئر: