حقیقی مجموعی قومی پیداوار میں 3.9 فیصد اضافہ
,غیر تیل سرگرمیوں میں 4.6 فیصد جبکہ تیل سے متعلق سرگرمیوں میں 3.8 فیصد اضافہ ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں 2025 کی دوسری سہ ماہی میں حقیقی مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں 2024 کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 3.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار محکمہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ’دوسری سہ ماہی 2025 کی مجموعی قومی پیداوار اور قومی حسابات کی رپورٹ‘ میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’تمام بڑے معاشی شعبوں میں سالانہ بنیاد پر ترقی دیکھنے میں آئی ہے جہاں غیر تیل سرگرمیوں میں 4.6 فیصد، تیل سے متعلق سرگرمیوں میں 3.8 فیصد اور حکومتی سرگرمیوں میں 0.6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے‘۔
ان میں غیر تیل سرگرمیاں ترقی کی سب سے بڑی محرک ثابت ہوئیں جنہوں نے 2.6 فیصد پوائنٹس کا حصہ ڈالا جبکہ تیل سرگرمیوں اور مصنوعات پر خالص ٹیکس کا حصہ بالترتیب 0.9 اور 0.3 فیصد پوائنٹس رہا ہے۔
پہلی سہ ماہی 2025 کے مقابلے میں حقیقی مجموعی قومی پیداوار (موسمیاتی طور پر ایڈجسٹ) میں 1.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس میں سب سے زیادہ کردار تیل سرگرمیوں کا تھا جنہوں نے 1.3 فیصد پوائنٹس کا حصہ ڈالا جبکہ غیر تیل سرگرمیوں کا حصہ 0.4 فیصد پوائنٹس رہا ہے۔
معاشی سرگرمیوں کی تفصیل بتایا گیا ہے کہ ’سب سے زیادہ سالانہ ترقی بجلی، گیس اور پانی کے شعبے میں 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، اس کے بعد مالیاتی خدمات، بیمہ اور کاروباری خدمات کے شعبے میں 7.0 فیصد اور پھر ہول سیل و ریٹیل ٹریڈ، ریستوران اور ہوٹل کے شعبے میں 6.6 فیصد کی شرح نمو رہی ہے۔