فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے واٹس ایپ کے لیے ٹراسلیشن فیچر متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے یعنی صارفین کے درمیان ہونے والی بات چیت کا ترجمہ متعدد زبانوں میں ممکن ہو سکے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق میٹا کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اینڈرائیڈ موبائل فونز پر چھ زبانوں میں ترجمے کی سہولت میسر ہو گی جبکہ آئی فونز پر 19 زبانوں میں۔
میٹا نے اپنے بلاگ میں کہا ہے کہ ’میسجز کی ٹرانسلیشن کا فیچر پرائیویسی کے تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کی ڈیوائس پر وہاں بھی ترجمہ موجود ہوتا ہے جہاں واٹس ایپ (ٹیکسٹ) نہیں دیکھ سکتا۔‘
مزید پڑھیں
اس فیچر کے تحت صارفین موصول ہونے والے پیغام پر کلک کریں گے تو ’ترجمے‘ کی آپشن ظاہر ہو گی جس سے وہ اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی فراہم کردہ زبان میں پیغام پڑھ سکیں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ فیچر ذاتی اور گروپ چیٹس کے علاہ چینل اپڈیٹس میں بھی کام کرے گا جبکہ اس سہولت کو دیگر زبانوں تک بھی پھیلایا جائے گا۔
اینڈرائیڈ موبائل فونز استعمال کرنے والوں کو ایک یہ آپشن بھی فراہم کی گئی ہے کہ ان کو موصول ہونے والے میسجز خودکار طریقے سے کسی دوسری زبان میں ظاہر ہو سکیں گے۔