معاشرے کے امن کو نقصان پہنچانے پر شہریوں کو سزائے موت
جمعرات 2 اکتوبر 2025 12:41
’اپیل کورٹ نے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے عملدرآمد کی منظوری دی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور معاشرے کے امن کو نقصان پہنچانے پر سعودی شہریوں پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری عبد اللہ الفراج اور سلیمان الربع نے دہشت گردی کا ارتکاب کیا، دہشت گرد تنظیم قائم کی اور بارودی مواد تیار کئے جس کا مقصد سیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنا اور معاشرے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا تھا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا‘۔
’بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’آج بدھ کو قصیم ریجن میں عدالت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے‘۔