وقتی تعطل کے بعد ریاض کے بعض محلوں میں انٹرنیٹ کی بحالی
ہفتہ 11 اکتوبر 2025 10:12
’ایک منصوبے میں کام کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے کے ایک حصے کو نقصان پہنچا‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض ریجن کے انفراسٹرکچر پراجیکٹس سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ متعدد محلوں میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروسز بتدریج بحال کردی گئی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سینٹر نے کہا ہے کہ ’شمالی ریاض میں ایک منصوبے کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے کے ایک حصے کو نقصان پہنچا جس کے بعد ٹیلیفون اور انٹر نیٹ سروس وقتی طور پر معطل ہوگئے تھے۔
سینٹر نے وضاحت کی کہ جیسے ہی واقعہ پیش آیا، فوری طور پر خدمت فراہم کرنے والی کمپنی، منصوبے کے ٹھیکیدار اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کر دی گئی۔
خدمات کی مکمل بحالی اور استحکام کو جلد از جلد یقینی بنانے کے لیے ضروری مرمت کا کام جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ واقعے کی وجوہ اور تفصیلات معلوم کرنے کے لیے خصوصی فنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔
سینٹر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے ذریعے کاموں کے انضمام کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ تصادم یا نقصان سے بچا جا سکے۔
اختتام پر سینٹر نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ انفراسٹرکچر کے کاموں کی تنظیم، معیار میں بہتری اور نیٹ ورکس کی پائیداری کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ریاض شہر کے شہری منظر کو بہتر بنایا جا سکے اور معیارِ زندگی میں اضافہ ہو۔
اس نے مزید کہا کہ خدمت فراہم کرنے والوں، ٹھیکیداروں اور عملدرآمدی اداروں کے درمیان ہم آہنگی ایک محفوظ اور پائیدار بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے بنیادی ستون ہے۔