Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلوی کرکٹرز کی انڈین کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے پر طنزیہ ویڈیو وائرل

ویڈیو میں انڈیا کے پاکستان سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر تنقید کی گئی تھی (فوٹو: کائی سپورٹس)
انڈین کرکٹرز کے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کی ایک تنقیدی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
اس ویڈیو میں آسٹریلیا کے معروف کرکٹ سٹارز کی جانب سے انڈین کھلاڑیوں کا مختلف طریقوں سے مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق یہ ویڈیو ’کائی سپورٹس‘ کی تشہیری مہم کا حصہ تھی، تاہم تنقید کے بعد اسے تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 19 اکتوبر سے پرتھ میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔
اس تنقیدی ویڈیو میں جوش ہیزل ووڈ، گلین میکسویل، مچل مارش، ایلیسا ہیلی، الانا کنگ اور دیگر کھلاڑیوں کو طنزیہ انداز میں انڈیا کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
وائرل ویڈیو میں ’دی گریڈ کرکٹر‘ کے میزبان اور ’کائی سپورٹس‘ کے نمائندے ایان ہیگنز نے انڈین کھلاڑیوں کی ایک مبینہ ’اہم کمزوری‘ کا تذکرہ کیا جس کے بعد مختلف آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مصافحہ کی جگہ عجیب و غریب اور بعض اوقات توہین آمیز انداز میں اپنے ’سلام‘ پیش کیے۔
سب سے زیادہ تنقید اُس منظر پر ہوئی جس میں آسٹریلوی خاتون کرکٹر سوفی مولینیوکس نے کیمرے کے سامنے ہاتھوں سے عجیب و غریب انداز میں اشارہ کیا جبکہ جوش ہیزل ووڈ کا ’شوٹنگ‘ یعنی گولی چلانے والا اشارہ بھی تنقید کا نشانہ بنا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس معاملے پر اپنی آرا کا اظہار کرتے ہوئے ملے جُلے تاثرات کا اظہار کیا۔
ماہم فضل نے لکھا کہ ’آسٹریلوی میڈیا اور کھلاڑی اُس موقف پر کیوں ہنس رہے ہیں جسے انڈیا نے نیشنل پرائڈ کے طور پر پیش کیا تھا؟‘
یاسر محمود نے لکھا کہ ’آسٹریلوی کرکٹرز نے انڈین ٹیم کے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کا مذاق اُڑایا۔‘
علی نامی صارف نے لکھا کہ ’آسٹریلوی کھلاڑی ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر انڈیا کا مذاق اُڑا رہا ہے اور کارٹون نیٹ ورک اس پر رو رہا ہے۔‘
دوسری جانب انڈین شائقین نے ویڈیو کو توہین آمیز، نسل پرستانہ رویے کی عکاس اور سپورٹس مین سپرٹ کے خلاف قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ’آسٹریلوی کرکٹ ہمیشہ کسی نہ کسی تنازعے کا شکار رہتی ہے، سینڈ پیپر سکینڈل ہو یا انڈر آرم بولنگ، ان میں کبھی بھی مخالفین کا احترام نظر نہیں آیا۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ ’یہ ویڈیو واضح کرتی ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں میں تکبر اور بدتمیزی اب بھی موجود ہے۔‘

شیئر: