ریاض میں 57 ممالک کی شرکت سے اسلامک سولِیڈیریٹی کھیلوں کا افتتاح
’افتتاحی تقریب میں فنی اور ثقافتی مظاہرے پیش کئے گئے جو مشترکہ اسلامی اقدار کی عکاسی کرتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
خادمِ الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی سرپرستی میں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی نیابت میں ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے اسلامی یکجہتی کھیلوں کا افتتاح کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اسلامی یکجہتی کھیلوں کا انعقاد 21 نومبر 2025 تک رہے گا جس میں 57 اسلامی ممالک کی مختلف ٹیمیں شرکت رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے کہا ہے کہ ’خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی سرپرستی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی نیابت میں، میں اسلامی یکجہتی کھیلوں کے چھٹے ایڈیشن کے باقاعدہ افتتاح کا اعلان کرتا ہوں اور تمام شرکا کے لئے کامیابی کی دعا کرتا ہوں‘۔

اسی طرح شہزادہ عبد العزیز بن ترکی بن فیصل نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’اس ایونٹ کی شاہی سرپرستی اس امر کا تسلسل ہے کہ قیادتِ رشیدہ کھیل کے شعبے کو کس قدر اہمیت دیتی ہے۔‘

اس کے بعد او آئی سی کے معاون سیکریٹری جنرل سفیر طارق علی بخیت نے خطاب کیا اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشترکہ اسلامی تعاون کے فروغ میں اس کی قیادت کی حکمت و بصیرت کو سراہا۔
افتتاحی تقریب میں فنی اور ثقافتی مظاہرے پیش کئے گئے جو مشترکہ اسلامی اقدار کی عکاسی کرتے ہیں اور سعودی عرب کے عظیم تہذیبی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ شریک ممالک کے دستوں کی پریڈ بھی منعقد ہوئی جو 21 نومبر تک جاری رہنے والے کھیلوں کے مقابلوں کے باضابطہ آغاز کی علامت تھی۔