Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سونا یا فن پارہ، امریکہ میں اڑھائی من سونے کے کموڈ کی نیلامی

امریکہ میں 18 قیراط سونے کے کموڈ کی نیلامی ہوگی جس کا وزن تقریباً اڑھائی من ہے اور پاکستانی روپے میں اس کی قیمت تقریباً تین ارب  41 کروڑ بنتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سونے کے اس کموڈ کی ابتدائی بولی سونے کی موجودہ قیمت سے منسلک ہے جو نیلامی میں بڑھ سکتی ہے۔
اس کموڈ کو اٹلی کے فنکار ماوریزیو کیٹیلن نے 2016 میں تخلیق کیا تھا۔ اسے 2016-2017 میں نیویارک کے گوگن ہائیم میوزیم میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
اس طرح کا ایک اور فن پارہ 2019 میں برطانیہ کے بلین ہائم پیلس سے چوری ہونے کے بعد دوبارہ خبروں میں آیا۔ یہ نیلامی اس فن پارے کے واحد بچ جانے والے نسخے پر مشتمل ہے۔
کیٹیلن اپنے فن پاروں کے لیے مشہور ہیں جو اس بات کی جانچ کرتے ہیں کہ فن کیا ہے اور اس کی قیمت کیسے لگائی جاتی ہے۔ 
ان کا ڈکٹ ٹیپ سے چپکایا ہوا کیلا ’کومیڈین‘ 2024 میں سوتھبیز میں تقریباً 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ 
نیلامی کروانے والی کمپنی سوذبیز کے نائب چیئرمین ڈیوڈ گالپرن نے کہا کہ ’اس فن پارے کی نیلامی سونے کے وزن کے برابر قیمت سے شروع ہوگی۔ یہ فن پارہ 101.2 کلوگرام 18 قیراط سونے پر مشتمل ہے۔ آج کے اندازے کے مطابق اس کی مالیت تقریباً 10 ملین ڈالر کے قریب ہے۔‘
ان کے مطابق چونکہ سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اس لیے نیلامی کی رات منگل 18 نومبر کو سونے کی مارکیٹ کے مطابق اس فن پارے کی ابتدائی بولی مقرر کی جائے گی۔‘
اب سوال یہ ہے کہ خریدار اس سونے کے کموڈ کو ایک فن پارے کے طور پر دیکھیں گے یا 101 کلوگرام سونے کے طور پر جس کے پیچھے ایک کہانی ہے۔
نیلامی سے قبل سونے کا یہ ٹوائلٹ نیویارک میں سنیچر 8 نومبر سے عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ لوگ اسے دیکھ سکتے ہیں، لیکن استعمال نہیں کر سکتے۔

 

شیئر: