نیلگوں پانیوں اور چمکتی ریت کے لیے مشہور الشقیق کے خوبصورت ساحلی علاقے
یہاں حد نگاہ تک پھیلے ساحل، خوبصورت پہاڑی سلسلے اور دلکش وادیاں ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا جازان ریجن اپنے فطری حسن و ساحرانہ ماحول کی وجہ سے سیاحوں میں غیرمعمولی مقبول ہے۔
یہاں حد نگاہ تک پھیلے ساحل، خوبصورت پہاڑی سلسلے اور دلکش وادیاں سیاحوں اور تاریخ و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الدرب کمشنری کے مغرب میں جیزان شہر سے 150 کلومیٹر شمال میں واقع مرکز الشقیق ایک خوبصورت ساحلی سیاحتی مقام ہے جو ساحلی فطری حسن اور شہری ترقی کا حسین امتزاج ہے۔
الشقیق مرکز مملکت کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں کے لیے ایک اہم مقام ہے جو ہر عمر اور طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو مثالی تفریح سیر و سیاحت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
یہاں سمندری سرگرمیاں، ریستوان، کیفے کے علاوہ ہونے والی مقامی ثقافتی سرگرمیاں اس علاقے کو منفرد سیاحتی مقام بناتی ہیں جو تفریح اور آرام کو یکجا کرتا ہے۔

’نھضہ سینٹر‘ جو کہ 30 چھوٹے بڑے گاؤں اور قصبوں پر مشتمل ایک بڑی آبادی والا علاقہ ہے جو مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بعد اہل علاقہ کے لیے ہی نہیں بلکہ آنے والے سیاحوں میں اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
الشقیق مرکز اپنے خوبصورت ساحلی علاقوں کی وجہ سے مشہور ہے جن میں لاوری، النارجیل اور الالوان ساحل شاہم ہیں جہاں میلوں تک پھیلے نیلے پانیوں کے نیچے چمکدار و نرم ریت پیراکی اور سمندری تفریح کرنے والوں کو دلکشی کا سامان مہیا کرتی ہے۔
مرکز میں ایک اور نمایاں تفریحی مقام بھی ہے جو 65 ہزار مربع کلو میٹر سے زائد علاقے پر محیط اور اپنے منفرد محل وقوع کی وجہ سے بحیرہ احمر کا خوبصورت و دلکش نظارہ فراہم کرتا ہے۔ فطری حسن اور جدید عصری تعمیرات کا حسین امتزاج ہے اسی وجہ سے علاقے میں تفریح کے لیے آنے والے یہاں آئے بغیر رہ نہیں سکتے۔

مرکز میں کیے جانے والے ترقیاتی کاموں میں واکنگ ٹریک انتہائی اہم ہے جس کی تین مرکزی ٹریکس ہیں جن میں جنوبی ٹریک، شارع الفن، اور شمالی ٹریک شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سائیکلنگ کے لیے بھی خصوصی ٹریک ہے اور حد نگاہ تک پھیلا سبزہ زار زائرین کو پُرفضا ماحول فراہم کرتے ہیں۔
ریجنل ڈائریکٹر بلدیہ انجینیئر یححی الشافعی کا کہنا تھا کہ ’بلدیہ کی جانب سے علاقے کی تعمیر و ترقی اور سیاحت کے فروغ کے لیے مثالی خدمات انجام دی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر عمل کیا گیا جن میں واکنگ ٹریکس کا قیام، سڑکوں کو کشادہ کرنا، پارکس اورتفریحی مقامات کی تعمیر شامل ہے۔
